سلک بنک میں انوکھا فراڈ، نوسربازو نے شہری کو 200ملین سے محروم کردیا

جمعہ 25 مارچ 2016 13:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 مارچ۔2016ء)سلک بنک میں200ملین کا ایک انوکھے فراڈ کا سکینڈل سامنے آگیا ہے،بنک میں موجود نوسرباز گروہ نے بیرون ملک سے واپس آنے والی شہری کو 200ملین سے محروم کردیا،عدالتی فیصلے کے باوجود ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور نوسرباز مجرموں کی پشت پناہی کرنے میں مصروف ہیں،ایف آئی اے لاہور عدالتی فیصلے اور ملزمان کی نشاندہی ہونے کے باوجود لوٹے گئے کروڑوں روپے ریکور کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق علی عباس نامی شہری نے بیرون ملک سے واپس آکر اپنی کمائی سے اپنے ہی ملک میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا تھا،علی عباس نے لاہور میں سلک بنک لمیٹڈ شاہ عالم مارکیٹ برانچ لاہور میں اکاؤنٹس کھلوایا اور اس میں200ملین روپے ڈیپازٹ کرائے،بھاری رقم دیکھ کر سلک بنک کا عملہ بے ایمان ہوگیا اور شہری کو200ملین سے محروم کرنے کی ایک سازش تیا رکی۔

(جاری ہے)

منصوبے کے مطابق سلک بنک برانچ کے منیجر نے دیگر ساتھیوں سے ملکر سلک بنک کی برانچ ایجرٹن برانچ میں فراڈ کے ذریعے علی عباس کے نام سے نیا اکاؤنٹ کھلوالیا اور خاموشی سے اس اکاؤنٹ میں200ملین روپے ٹرانسفر کردئیے۔اکاؤنٹ ہولڈر علی عباس جب سلک بنک برانچ شاہ عالم میں چیک کیش کرانے گیا تو انہیں بتایا گیا کہ اکاؤنٹس میں سے تمام سرمایہ نکلوالیاگیا ہے۔

فراڈ کا علم ہونے پر علی عباس نے ایف آئی اے لاہور میں 28اپریل2013کو مقدمہ درج کرادیاگیا۔ایف آئی اے نے انکوائری کرکے اس فراڈ میں ملوث بنک افسران کی نشاندہی کرلی،ملزمان میں محمد طیب جوہری منیجر بنک برانچ اور حنیف اختر آپریشن منیجر کے علاوہ بنک افسر عقیل مرزا کو ملزم قرار دیا گیا۔انکوائری رپورٹ کے مطابق ملزمان نے دستاویزات میں ایس ایس کارڈ اور اے اوایف کارڈ کے ذریعے تبدیل کئے گئے اور دستاویزات پر علی عباس کے دستخط کو بھی تبدیل کیا گیا۔

علی عباس نے سلک بنک کے جنرل منیجر اظہار الحق اور گروپ ہیڈ طلحہ سعید سے بھی رابطہ کیا لیکن دونوں افسران نے بھی کوئی ایکشن ملزمان کے خلاف نہیں لیا تھا۔مقدمہ بعد میں بنکنگ کورٹ لاہور میں بھی زیر سماعت رہا اور عدالت نے ملزمان کو مجرم قرار دے کر ایف آئی اے کو حکم دیا کہ لوٹی ہوئی دولت ریکور کی جائے۔اب عدالت کے فیصلے کے باوجود ایف آئی اے لاہور ملزمان کی پشت پناہی کرنے میں مصروف ہے جبکہ لوٹی ہوئی دولت ابھی تک ریکور نہیں ہوئی