ایس آئی یو، سی پی ایل سی اور اے وی سی سی کی مشترکہ کارروائی، تین اغواء کار ہلاک ‘ مغوی بازیاب

جمعہ 25 مارچ 2016 12:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء) کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ(ایس آئی یو) اور اغوا کاروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں تین اغوا کار ہلاک ہوگئے جبکہ سیمنٹ فیکٹری کے مالک،ان کی اہلیہ اور بیٹی کو بازیاب کرالیاگیا ہے ۔ ملزمان نے ڈھائی کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں سیکورٹی فورسز کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ۔

ایس ایس پی ایس آئی یوفاروق اعوان کے مطابق جمعہ کی صبح کورنگی ابراہیم حیدری میں ایس آئی یو پولیس ، سی پی ایل سی اور اے وی سی سی نے تین روز پہلے ڈیفنس سے اغوا ہونے والے تین مغویوں کی بازیابی کیلئے کارروائی کی ۔ ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔

(جاری ہے)

جوابی فائرنگ میں تین اغوا کار مارے گئے جبکہ تینوں مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیاہے ۔

ایس ایس پی فاروق اعوان کے مطابق مارے گئے اغواء کاروں کی شناخت قاسم ، بلال اور عثمان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ فاروق اعوان کے مطابق ملزمان نے تین روز قبل ڈیفنس کے علاقے سے سیمنٹ فیکٹری کے مالک فرحان ، ان کی اہلیہ رفعت اور پانچ سالہ بیٹی اقراء کو اغوا کرکے ڈھائی کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا ۔ اغوا کاروں کی کال ٹریس ہونے کے بعد ایس آئی یو پولیس ، سی پی ایل سی اور اے وی سی سی نے مشترکہ کارروائی کی ۔

متعلقہ عنوان :