بیرونی قوتیں اسلامی ایٹمی پاکستان کو برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ‘مولانا عبدالعزیز علوی

جمعہ 25 مارچ 2016 11:31

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء) امیر جماعةالدعوة آزادکشمیرمولاناعبدالعزیزعلوی نے کہا ہے کہ بیرونی قوتیں اسلامی ایٹمی پاکستان کو برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کو کمزور کرنے کیلئے خوفناک سازشیں کی جارہی ہیں۔کلمہ طیبہ کی جاگیر ملک پاکستان کولبرل اور سیکولر بنانے کی سازشیں قوم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

نظریہ پاکستان کے حوالہ سے ملک گیر مہم جاری رکھی جائے گی۔محب وطن قیادت بیرونی سازشیں ناکام بنانے اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کیلئے متحد و بیدار ہے۔ جماعةالدعوة ملک میں اتحادویکجہتی کی فضا پیدا کرنے اور فکری انتشار کے خاتمہ کیلئے ملک گیر سطح پر نظریہ پاکستان مہم چلارہی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ بیرونی قوتوں نے اس وقت مسلمانوں پر ایک جنگ مسلط کر رکھی ہے۔

(جاری ہے)

میدانوں میں انہیں شکست کا سامنا ہے جس پر انہوں نے تعلیمی اداروں کو خاص طور پر اپنا نشانہ بنا رکھا ہے۔ ہم نے ان شاء اللہ وہ نسل تیار کرنی ہے جو اسلام اور پاکستان کی صحیح معنوں میں محافظ ہو۔ دشمن ہماری نوجوان نسل کے ذہنوں سے نظریہ پاکستان ختم کرنا چاہتا ہے۔ اس کی کوشش ہے کہ مشرقی پاکستان کی طرح باقی ماندہ پاکستان کو بھی نقصانات سے دوچار کیا جائے لیکن یہ سازشیں ان شاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گی۔

انہوں نے کہاکہ 23مارچ 1940میں ایک لائحہ عمل ترتیب دیا گیا جس میں اللہ نے برکت ڈالی ۔جب لاالہ الااللہ کی بنیاد پر مسلمان کھڑے ہوتے ہیں تو پھر مدد آسمانوں سے آتی ہے۔اسی بنیاد پر اسلامیان ہند متحد ہوئے۔ پھر اس کے بعد جو کچھ ہوا اور مشرقی پاکستان کی صورت میں یہ ملک دو لخت ہوا وہ ایک تکلیف دہ داستاں ہے۔ اب ہم نے روشن چراغ جلانے ، اسلامیان پاکستان کو راستے دکھانے اورروشن منزلوں کا تعین کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ نظریہ پاکستان مہم کو ایک باقاعدہ تحریک کی شکل دیکر قوم میں یہ احساس پیدا کرنا ہے کہ دوقومی نظریہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والا پاکستان ایک مشن اور ایک نظریہ کے تحت حاصل کیا گیا تھا جس پر عمل پیرا نہ ہونے سے ملک میں فکری انتشار بڑھا اور ملک مسائل سے دوچار ہوا۔ہم آج پھر سے پاکستانی قوم میں وہی جذبے پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ پاکستان صرف ایک ملک نہیں بلکہ ایک عملی تجربہ گاہ ہو گی جہاں اسلام نافذ کر کے اس کا عملی نمونہ پوری دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گالیکن افسوس کہ قیام پاکستان کے بعد اللہ تعالیٰ سے کئے گئے عہد کی پاسداری نہیں کی گئی اور یہ ملک جو اللہ کی بہت بڑی نعمت تھی اس کی ناشکری اور اسلامی شریعت کی نافرمانیاں کی گئیں تو پھر اللہ کی پکڑ آئی۔

اب وقت ہے کہ پاکستان کو صحیح معنوں میں لاالہ الااللہ کا ملک بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ کے دشمن ملکوں و معاشروں پر مسلط ہیں اورمنظم سازشوں و منصوبہ بندی کے تحت مسلمانوں کو آپس میں لڑایا جارہا ہے۔قوم کو متحد و بیدار کر کے ان سازشوں کا پوری قوت سے مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ بیرونی قوتیں مسلمان ملکوں میں تحریک کاری و دہشت گردی پروان چڑھا رہی ہیں۔

اب پرانے دور کی جنگیں نہیں رہیں۔ آج کے دور کی جنگوں کا انداز مختلف ہے۔ پورا عالم اسلام اس وقت مشکلات میں گھرا ہوا ہے۔ ہر طرف فتنے بپا ہیں۔ دشمنان اسلام مسلمانوں کو باہم لڑانے کی سازشیں کر رہے ہیں۔ پاکستان کو بھی میدان جنگ بنایا جارہا ہے۔ان حالات میں حکمرانوں و عوام کو اپنی اصلاح اور علماء کرام کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں۔

متعلقہ عنوان :