فیصل آبادچیمبر کے صدرکی بیلجئیم کے شہربرسلزبم دھماکوں میں انسانی جانوں کے ضیاع کی مذمت

دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے عالمی سطح پرمربوط کوششوں کی ضرورت ہے،چوہدری محمدنواز

جمعرات 24 مارچ 2016 22:54

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 مارچ۔2016ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے صدر چوہدری محمد نواز نے بیلجئیم کے شہر برسلز میں ہونے والے بم دھماکوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے عالمی سطح پر مربوط کوششوں کی ضرورتوں پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان جنگ کے مابعد اثرات کی وجہ سے گذشتہ 2دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار ہے۔

دنیا بھر میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان پاکستان نے اٹھایا ہے مگر بدقسمتی سے عالمی قوتوں نے پاکستان کو ہی دہشت گردی کا ذمہ دار سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور ہماری مسلح افواج گذشتہ کئی سالوں سے حالت جنگ میں ہیں اور اس وقت بھی ضرب عضب پوری رفتار سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یورپین یونین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں کلیدی کردار ادا کرنے پر پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس کی خصوصی رعایت کا اعلان کیا۔

جس کا بنیادی مقصد دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کی معیشت کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کرنا ہے۔ چوہدری نواز نے کہا کہ اگرچہ افواج پاکستان کے آپریشن نے دہشت گردوں کی کمرتوڑ دی ہے تاہم اب بھی اکا دکا واقعات سے غیر ملکی سرمایہ کا روں کو منفی تاثر ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب عالمی برادری کی سمجھ میں یہ بات آجانی چاہیے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے جس قدر کوششیں کی ہیں وہ قابل تقلید ہیں اور دوسرے ملکوں کو نہ صرف اس جنگ میں پاکستان سے مزید تعاون بڑھانا ہوگا بلکہ اپنی اپنی سطح پر دہشت گردوں اور اسکے سہولت کاروں کا بھی قلع قمع کرنا ہوگا تاکہ اس ناسور کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم کرکے دنیا بھر میں امن کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ برسلز کے واقعات کے بعد دنیا کے مختلف ملکوں کو اپنی اپنی حفاظت کے ساتھ ساتھ دنیا کے اجتماعی امن کیلئے بھی مل کر کام کرنا ہوگا اور یقیناً اس مقصد کیلئے اقوام متحدہ بہترین ادارہ ہے ۔ جس کے پلیٹ فارم سے دہشت گردی کے خاتمہ کی مربوط کوششیں شروع کرنے کی ضرورت ہے ۔