وفاق المدارس کا عشرہ استحکام مدارس واستحکام پاکستان منانے کا اعلان

مدارس کے کردار وخدمات کو اجاگر کرنے اور قوم میں جذبہ حب الوطنی کو فروغ دینے کی مہم چلائی جائیگی‘ مولانا سلیم اﷲ خان

جمعرات 24 مارچ 2016 22:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مارچ۔2016ء) وفاق المدارس نے عشرہ استحکام مدارس واستحکام پاکستان منانے کا اعلان کر دیا ،مدارس کے کردار وخدمات کو اجاگر کرنے اور قوم میں جذبہ حب الوطنی کو فروغ دینے کی مہم چلائی جائے گی ،خطباء جمعہ اجتماعات میں دینی مدارس کے کردار وخدمات پر روشنی ڈالیں گے ،ملک بھر میں کنونشنزا ور کانفرنسزکا انعقاد کیا جائے گا ،تشہیری مہم کے دوران گاڑیوں ،رکشوں اور چوکوں چوراہوں میں بینر ز آویزاں کیے جائیں گی ،لاکھوں کی تعداد میں ہینڈ بل اور پمفلٹس تقسیم کیے جائیں گے ،ملک بھر سے قافلے تشکیل دے کر 3اپریل کو لاہور میں منعقد ہونے والی استحکام مدارس واستحکام پاکستان کانفرنس میں شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس بات کا اعلان وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے رہنماؤں شیخ الحدیث مولانا سلیم اﷲ خان ،مولانا محمد حنیف جالندھری ،مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر،مولانا انوار الحق اور مولانا قاضی عبدالرشید نے کیا ۔

(جاری ہے)

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے 24مارچ سے 3اپریل تک عشرہ استحکام مدارس واستحکام پاکستان منانے کا اعلان کر دیا ۔

ان دس دنوں کے دوران ملک بھر میں مدارس دینیہ کی دینی ،تعلیمی ،دعوتی اور سماجی خدمات کو اجاگر کیا جائے گااور قوم کے بچے بچے کو مدارس دینیہ کے روشن کردار سے آگاہ کیا جائے گا ۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین کے اعلان کے مطابق اس عشرے کے دوران قوم میں حب الوطنی اور دینی مدارس کی خدمت ونصرت کے جذبات اجاگر کرنے کی مہم چلائی جائے گی ۔

اس سلسلے میں ملک بھر میں کنونشنز اور کانفرنسز کا انعقا د کیا جائے گا ،جمعہ کے اجتماعات میں ملک بھر کی مساجد کے ائمہ وخطباء دینی مدارس کے کردار وخدمات پر روشنی ڈالیں گے اور قوم کو استحکام مدارس واستحکام پاکستان کانفرنس میں شرکت کی دعو ت دیں گے ۔عشرہ استحکام مدارس واستحکام پاکستان کے دوران ملک بھر میں ایک بھرپور تشہیر ی مہم کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں اس مہم کے دوران گاڑیوں ،رکشوں اور چوکوں چوراہوں میں ہزاروں کی تعدا د میں بینرز ،سائن بورڈز اور پینافلیکس آویزاں کیے جائیں گے جبکہ لاکھوں کی تعداد میں ہینڈبلز اور پمفلٹس بھی تقسیم کیے جائیں گے ۔

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق عشرہ استحکام پاکستان واستحکام مدارس دینیہ کے دوران ملک بھر سے قافلے تیار کر کے ان کی 3اپریل کو لاہور میں منعقد ہونے والی تاریخ ساز اور عظیم الشان کانفرنس میں شرکت کو یقینی بنایا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :