ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ ،آئی جی پولیس کوجواب سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا

جمعرات 24 مارچ 2016 21:20

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مارچ۔2016ء) لاہورہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود ٹریفک نظام کو موثر اور ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں رشوت کے خاتمے کو یقینی نہ بنانے پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور آئی جی پولیس کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پرنوٹس جاری کرتے جواب سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ فاضل عدالت نے2013 میں ٹریفک اور ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنے کا حکم دیا تھا لیکن تین سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود ابھی تک عدالتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی نہیں بنایا گیا ۔لہٰذا استدعا ہے کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور آئی جی پولیس پنجاب کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے جواب داخل کرنے کے لئے مزید مہلت کی استدعا کی جس پر فاضل عدالت نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور آئی جی پنجاب کو جواب سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت 29 مارچ تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :