وزیراعلیٰ کا چوہنگ پولیس ٹریننگ سنٹر میں ڈولفن فورس کے700جوانوں پر مشتمل پہلے دستے کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب،ڈولفن فورس سٹریٹ کرائمزکے خاتمے میں ہراول دستہ ثابت ہوگی، ڈولفن فورس کی تیاری میں تعاون پرترکی کے صدر ، وزیراعظم ، وزیر داخلہ، سفیر، ترکش نیشنل پولیس اور ترک عوام کے شکرگزار ہیں،دہشت گردی اقوام عالم کا مشترکہ مسئلہ ہے،امت مسلمہ کو ملکر اس ناسورکے خاتمے کیلئے اقدامات کرنے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف۔۔وزیراعلیٰ کا اچانک منڈی رائیونڈکا دورہ، شہبازشریف ہیلی پیڈ سے پیدل چل کر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول پہنچیتعلیمی سہولتوں کا جائزہ لیا ،یتیم طالبہ آمنہ بتول کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 24 مارچ 2016 18:38

وزیراعلیٰ کا چوہنگ پولیس ٹریننگ سنٹر میں ڈولفن فورس کے700جوانوں پر مشتمل ..

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2016ء) :وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار ڈولفن فورس تیار کرکے سبقت لی ہے اور یہ ڈولفن فورس پنجاب پولیس کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ جدید تربیت سے لیس یہ فورس پنجاب پولیس کا نیا چہرہ ہے جو پنجاب کے شہروں اور دیہات کو پرامن بنانے، جرائم بالخصوص سٹریٹ کرائمزکی روک تھام کیلئے انتہائی موثر کردار ادا کرے گی۔

ڈولفن فورس کو جدید تربیت سے لیس کرنے میں دوست ملک ترکی کے تعاون پر ترکی کے صدر رجب طیب اردگان، وزیراعظم داؤد اوغلو، ترک وزیر داخلہ، ترک سفیر، ترکش نیشنل پولیس اور ترک عوام کے شکرگزار ہیں۔ ڈولفن فورس کی تیاری حکومت پنجاب کا ایک عظیم اقدام ہے جس سے صوبے کو پرامن بنانے اور جرائم سے پاک کرنے کیلئے پنجاب پولیس کی کاوشوں کو تقویت ملے گی اوریہ فورس سٹریٹ کرائمز کے خاتمے میں ہروال دستہ ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار آج چوہنگ پولیس ٹریننگ سنٹر میں ڈولفن فورس کے700جوانوں پر مشتمل پہلے دستے کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پنجاب پولیس کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے اور پاکستان میں پہلی ڈولفن فورس کی تیاری ایک بڑی کامیابی ہے اور اس جدید فورس کی تیاری میں ترک قیادت، حکومت اور عوام کے تعاون کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے مابین گہرے دوستانہ، برادرانہ، تہذیبی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات قائم ہیں۔ مشکل کی ہر گھڑی میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ ترک بھائی برصغیر کے مسلمانوں کی جانب سے ترکی کی تحریک آزادی میں تعاون کا تذکرہ کرنا کبھی بھی نہیں بھولتے۔ ہم بھی سیلاب اور زلزلے کے دوران ترک بہن بھائیوں کے تعاون اور مدد کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔

مشکل کی کسی بھی گھڑی میں نہ کبھی انہوں نے ہمیں بھلایا اور نہ ہی کبھی ہم پیچھے رہے ہیں۔ دوستی اور تعاون کا سفر آج بھی جاری ہے اور اب تو یہ دوستی مضبوط معاشی تعاون میں بدل چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدے سے دونوں ممالک میں معاشی اور تجارتی تعاون مزید بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر ڈولفن فورس کے دستے کی پاسنگ آؤٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم دونوں ممالک کے عوام یوم پاکستان کو مل کر منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں انقرہ اور استنبول میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں معصوم لوگ مارے گئے ہیں جن پر دنیا بھر کی طرح ہر پاکستانی دکھی اور رنجیدہ ہے۔ کاسا بلانکا سے لے کر کوالالمپور تک تمام اسلامی دنیا کو مل کر دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑنا ہے اوردہشت گردی کے اس ناسور کے خاتمے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کارلانا ہے کیونکہ دہشت گردی اقوام عالم کا مشترکہ مسئلہ ہے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مسلم امہ کو اس عفریت سے نجات دلائے اور پوری دنیا سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ڈولفن فورس کا یہ پہلا دستہ انتہائی محنت اور کاوش سے تیار کیا گیا ہے جو گلی محلوں میں شہریوں کی حفاظت کرے گا اور سٹریٹ کرائمز سے موثر انداز میں نمٹنے گا۔ اس فورس میں تمام بھرتی میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ پنجاب میں میرٹ پالیسی پر سختی سے کاربند ہیں۔

پولیس سمیت تمام اداروں میں میرٹ پر ہی بھرتیاں کی جا رہی ہیں۔ نوجوان میرٹ کی بنیاد پر ہی ڈولفن فورس میں شامل ہوئے ہیں۔ ترک بھائیوں نے جس طرح اس فورس کی تربیت کی ہے اور اس پر محنت کی ہے، مجھے کامل یقین ہے کہ یہ فورس اپنے شہریوں کی نہ صرف حفاظت کرے گی بلکہ اپنے گفتار اور کردار سے غازی اور ملنسار ثابت ہوگی اور اگر کہیں مجرموں سے فائٹنگ کا موقع آیا تو اس فورس کے جوان شاہین ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈولفن فورس پنجاب کو امن کا گہوارہ بنائے گی اور جرائم سے پاک کرے گی۔ میں ڈولفن فورس کے پہلے دستے کی پاسنگ آؤٹ پر دل کی گہرائیوں سے جوانوں، ان کے والدین، اساتذہ اور انسٹرکٹرز کو مبارکبا د دیتا ہوں۔قوم کو اس جدید فورس سے بڑی توقعات وابستہ ہیں اورانشاء اللہ یہ جدید فورس شہر یوں کی محافظ بنے گی اور سٹریٹ کرائمز کا قلع قمع کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے اس تقریب میں شرکت کیلئے آنا تھا تاہم وہ اپنی کسی مصروفیت کے باعث نہ آسکے لیکن انہوں نے اپنے پیغام کے ذریعے مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ جدید فورس عوام اور حکومت کی توقعات پر پورا اترے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جدید فورس کی تیاری پر خطیر وسائل خرچ کئے گئے ہیں۔ امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کیلئے وسائل اور عزم کی کوئی کمی نہیں۔

اس مقصد کیلئے جتنے وسائل دینے پڑے، انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی جدوجہد، تحریک پاکستان کے شہداء کے خون اور قربانیاں دینے والوں کی قربانیوں کا تقاضا ہے کہ ہم آگے بڑھیں اور جس مقصد کیلئے پاکستان حاصل کیا گیا تھا اس کی تکمیل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم قائد و اقبال کے وژن کے مطابق پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔

کام مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن ہے۔ محنت، امانت اور دیانت کو شعار بنا کر اپنی منزل حاصل کریں گے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق سکھیرا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈولفن فورس کی تیاری میں ترک نیشنل پولیس کے افسران نے بے پناہ تعاون کیا ہے اوراس فورس کو جدید خطوط پر تربیت دی گئی ہے ۔700جوانوں پرمشتمل پہلے دستے کی پاسنگ آوٴٹ پریڈکی تقریب ایک تاریخی حیثیت کاحامل دن ہے جس سے سٹریٹ کرائمز کاخاتمہ ہوگا۔

ترک سفیر صادق بابر گرگن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کی دوستی لازوال ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے مابین بھائی چارے کا مضبوط رشتہ موجود ہے۔ دکھ سکھ کی ہر گھڑی میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترک نیشنل پولیس اورپنجاب پولیس کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھ رہا ہے اورڈولفن فورس کی تیار ی بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔ترک سفیر نے سابق صوبائی وزیر کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہیدکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شجا ع خانزادہ نے پنجاب حکومت اورترکی کے درمیان پولیس کی تربیت اوردیگر شعبوں میں تعاون کے حوالے سے بے پناہ کام کیا۔ وزیراعلیٰ نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیاور تربیت کا عملی مظاہرہ دیکھا اور کورس میں شریک بہترین کارکردگی دکھانے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کئے۔

وزیراعلیٰ نے ترکی کے سفیر کو ڈولفن فورس لاہور کی جانب سے یادگاری سووینئر جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو ڈولفن فورس کا یادگاری سووینئر پیش کیا۔ صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ، دیگر صوبائی وزراء ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، پاکستان میں ترکی کے سفیر صادق بابر گرگن، سفارتکار، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ، ترک نیشنل پولیس کے افسران اور لوگوں کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی۔

بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے چوہنگ پولیس ٹریننگ سنٹر میں ڈولفن فورس کے پہلے دستے کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں شرکت سے واپسی پر اپنا ہیلی کاپٹر اچانک منڈی رائے ونڈ میں ریلوے لائنز کے قریب خالی جگہ پر اتار لیا جہاں وزیراعلیٰ کو دیکھ کر ہزاروں لوگ جمع ہو گئے۔ وزیراعلیٰ ہیلی پیڈ سے پیدل چل کر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول منڈی رائے ونڈ پہنچے اور کلاس رومز کا دورہ کیااور اساتذہ اور طالبات سے تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں بات چیت کی۔

وزیراعلیٰ نے سکول میں تعلیمی سہولتوں اورپانی کی فراہمی کا جائزہ لیا اورکلاس رومزکا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ کو اپنے درمیان دیکھ کر طالبات نے خوشی کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے سکول میں طالبات سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کاروشن مستقبل ہیں اورآپ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ کو طالبات نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے طالبات کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں حل کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے ایک یتیم طالبہ آمنہ بتول کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا اورکہا کہ قوم کی اس بیٹی کو تعلیم کیلئے ہر طرح کے وسائل دےئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ قوم کا مستقبل آپ سے ہے اورآپ ہی نے اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے ،لہٰذا آپ پوری تعلیم پر دیں اور محنت سے اپنی پڑھائی جاری رکھیں۔

وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول منڈی رائے ونڈ میں واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کی ہدایت کی اورکہا کہ کلاس رومز کی حالت کو بہتر بنایا جائے کیونکہ جہاں قوم کے مستقبل کے معمار تعلیم حاصل کر رہی ہیں وہاں ماحول بھی بہترین ہونا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کا فروغ ہماری سرفہرست ترجیح ہے، تعلیم کے فروغ کیلئے ہر طرح کے وسائل دیں گے۔

وزیراعلیٰ نے مختلف کلاس رومز کا دورہ کیا اوروہاں موجود بچوں اور بچیوں سے گفتگو بھی کی اوران کے ساتھ انگریزی زبان میں بھی بات چیت کی۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے منڈی رائے ونڈ میں جمع ہونے والے ہزاروں افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور جب تک جان میں جان ہے عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے۔

گزشتہ ساڑھے سات برسوں میں عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اورآئندہ اڑھائی برسوں میں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے 2013 کے انتخابات میں ہمیں جو مینڈیٹ دیا ہے اس کی لاج رکھیں گے اور عوام کی توقعات پر ہر صورت پورا اتریں گے۔ اس موقع پر ایم این اے افضل کھوکھر بھی ہمراہ تھے ۔وزیراعلیٰ اچانک دورے سے انتظامیہ اورمتعلقہ حکام لاعلم رہے۔وزیراعلیٰ بغیر سکیورٹی اورپروٹوکول کے سکول گئے ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کی کوئی گاڑی بھی موجود نہ تھی۔