بارشوں کے باغت کھڑی فصلوں پر مختلف بیماریاں لگنے کا اندیشہ

صوبائی وزیر زراعت کا آفات سے نمٹنے کیلئے عملی اقدامات کرنے کی ہدایت

جمعرات 24 مارچ 2016 17:53

پشاور۔24 مارچ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مارچ۔2016ء )حالیہ طویل بارش سے اگر ایک طرف ربیع کی فصلوں پر خوشگوار اثرات مرتب ہورہے ہیں تو دوسری طرف گندم اور چنے وغیرہ کی فصلات پر مختلف قسم کی بیماریوں اور کیڑے مکوڑوں کا خطرہ بھی بڑھتا جارہاہے۔ ان قدرتی آفات سے نمٹنے اور کسانوں کی مناسب رہنمائی کیلئے خصوصی احکامات گزشتہ روز صوبائی وزیر زراعت سردار اکرام الله گنڈہ پور نے محکمہ زراعت کے تمام شعبہ جات کے سربراہان کو جاری کئے۔

اُنہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات اُٹھائے جائیں۔صوبائی وزیر نے زرعی ماہرین پر زور دیا کہ ہر ضلع میں گندم کی کھڑی فصل کا باقاعدہ جائزہ لینے کے بعد کسانوں کی مناسب رہنمائی کی جائے۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت نے کسانوں کوہدایت کی ہے کہ زیادہ بارشوں کی صورت میں گندم کے کھیت سے کھڑا پانی فوراً نکالیں، گندم کی فصل پر بیماری کے اثرات پائے جانے پر متاثرہ پودے کو فوراً نکال کر زمین میں گہرا دبا دیاجائے، جڑی بوٹیوں کو فوراً تلف کیا جائے کیونکہ بارش کے بعدیہ سست تیلیہ کی افزائش کا ذریعہ ہوتاہے، کھیت کے متاثرہ حصوں میں پودوں کو رسی سے ہلا کر سست تیلیہ کو نیچے گرا کر ختم کیا جاسکتاہے، کاشتکار فصل کو پانی دینا بند کریں، بیماری اور تیلیہ کی شدید حملے کی صورت میں مناسب زہرپاشی کیلئے زرعی ماہرین سے مشورہ لیا جائے۔