تعصبات سے بالاتر ہو کرجدید علوم کی آگہی ملک و قوم کی ترقی کے لیے ضروری ہے، چانسلر جاوید انوار

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام یومِ پاکستان پر منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعرات 24 مارچ 2016 17:20

کراچی ۔ 24 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مارچ۔2016ء) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے صدر اور سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ کے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ قائداعظم تعلیم کو بہت اہمیت دیتے تھے۔ زبان اور موضوعات کے تعصبات سے بالاتر ہو کرجدید علوم کی آگہی ملک و قوم کی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے۔عِلم سے ہی تقدیریں بدلتی ہیں۔

تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو ہر طرح کے مسائل سے نبرد آزما ہونے اور انھیں خوش اسلوبی سے حل کرنے کی صلاحیت پیدا کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام یومِ پاکستان کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا قیام بھی اسی فکر کی بنیاد پر عمل میں آیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ ہم نے سرسید یونیورسٹی کو نئی روشنی اور ایک نئی سمت دی۔ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے مقرر کردہ اہداف کو پورا کرنے کے عزم کے ساتھ ہم سرسید یونیورسٹی کو اعلیٰ معیار کی ایک قابل مثال یونیورسٹی بنانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ہم چاہتے ہیں کہ سرسید یونیورسٹی کے طالبِ علم کے ہاتھ میں جو ڈگری ہو، وہ ڈگری ہو، سادہ کاغذ نہ ہو۔

ہم نے حال ہی میں معیار تعلیم کی بہتری اور ترقی کے لیے سات پی ایچ ڈی اساتذہ کی تقرری کی ہے۔تنخواہوں میں اضافہ اور میڈیکل انشورنس پر تیزی سے کام ہو رہا ہے اور اخراجات کے لیے درکار رقم حاصل کرنے کے لیے جامع منصوبہ بنایا گیا ہے جس کے تحت عنقریب بی بی اے اور ایم بی اے پروگرام شروع کئے جائیں گے۔مقابلے کے امتحاناتسی ایس ایس اور پی سی ایس کی تیاری کے لیے کلاسوں کا آغاز ہوچکا ہے۔

اسی طرح نئے موضوعات پر ایوننگ کورسز کا ایک نیا سلسلہ بھی جلدشروع ہونے والا ہے۔سرسید ٹاور بھی اسی جدوجہد کا تسلسل ہے جو مستقبل قریب میں فروغ علم کا ایک اہم مرکز ثابت ہوگا۔سرسید ٹاور کا پہلا مرحلہ تقریباََ مکمل ہوچکا ہے اور اگلے مرحلے کی تیاری ہے۔ چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ ۲۳/مارچ کے اس قومی دن پر آئیے ہم سب مل کر اجتماعی طور پر یہ عہد کریں کہ ہم سب اس ادارے کی ترقی اور بہتری کے لیے کام کریں گے۔

کیونکہ اس ادارے سے ہمارے بچوں کا مستقبل جُڑا ہواہے اور اچھا مستقبل ہی دراصل اچھی زندگی کی ضامن ہے۔مہمانِ خصوصی سردار یاسین ملک نے اکابرینِ تحریکِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیا آج کا پاکستان وہی ہے جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔

متعلقہ عنوان :