ایرانی صدر حسن روحانی کل 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آئیں گے،ایرانی صدرکے دورہ پاکستان کے دوران توانائی سمیت کئی اہم تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے،حسن روحانی صدر مملکت ،وزیراعظم نوازشریف ،آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقاتیں بھی کرینگے۔

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 24 مارچ 2016 16:48

ایرانی صدر حسن روحانی کل 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آئیں گے،ایرانی ..

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2016ء) ایرانی صدر حسن روحانی کل جمعہ کو 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آئیں گے ، حسن روحانی کے دورہ پاکستان کے دوران توانائی سمیت کئی اہم تجارتی معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کیے جائیں گے۔ایرانی صدر حسن روحانی کے دورہ پاکستان کے دوران ان کے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد بھی آئے گا ،جس میں سرکاری حکام کے علاوہ تاجر اور سرمایہ کار بھی شامل ہوں گے۔

صدر حسن روحانی پاکستانی ہم منصب صدر ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔صدر حسن روحانی کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے، اس قبل نومبر2012ء میں سابق صدر احمدی نڑاد اسلام آباد کا دورہ کر چکے ہیں۔ایران پر عالمی پابندیاں اٹھنے کے بعد دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ کے لیے یہ دورہ اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

صدر حسن روحانی کے دورہ پاکستان کے دوران توانائی سمیت کئی اہم تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ایرانی صدر کی پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں افغانستان، جنوبی ایشیائی خطے اور مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، تاہم بات چیت کا محور پاک ایران تجارتی و اقتصادی تعلقات کا فروغ ہوگا۔واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں ایران پر عالمی پابندیوں کے خاتمے کے فوراً بعد پاکستان نے بھی پابندیاں اٹھالی تھیں۔