مصطفی کمال کی نئی جماعت ایک بچہ ہے جس کا نام تو رکھ دیا گیا مگر اس کے کان میں آذان ہم دینگے،میڈیا الطاف حسین کی تقریر نہیں دکھاتا اس لئے حقیقت کا کسی کو پتہ نہیں۔فاروق ستار کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 24 مارچ 2016 16:48

مصطفی کمال کی نئی جماعت ایک بچہ ہے جس کا نام تو رکھ دیا گیا مگر اس کے ..

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2016ء) ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ الطاف حسین بالکل صحیح ہیں کیونکہ میڈیا ان کی تقریر نہیں دکھاتا اس لئے ان کی حقیقت کا کسی کو پتہ نہیں ، پرویز مشرف بیرون ملک اس لئے گئے ہیں کہ جب میاں بیوی راضی تو کیا کرے گا قاضی ، مصطفی کمال کی نئی جماعت ایک بچہ ہے جس کا نام تو رکھ دیا گیا ہے مگر اس کے کان میں آذان ہم دینگے ۔

آج یہا ں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقام حیرت ہے کہ سیاسی جماعتیں ایک صوبے میں اپنی مرضی کا اور دوسرے صوبے میں بھی اپنی مرضی کا نظام چاہتی ہیں پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ سندھ اور پنجاب میں متضاد طریقہ کار اختیار کئے ہوئے ہیں الیکشن کمیشن کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ انتخابات میں تاخیر کو دور کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں سماعت جو سپریم کورٹ میں ہوئی ہے اس میں معاملہ شو آف ہینڈ اور سیکرٹ بیلٹ کا تھا آرٹیکل 226 کے تحت سیکرٹ بیلٹ کے ذریعے انتخاب ہونا ہے تاہم پیپلز پارٹی یہ نہیں چاہتی ایک جگہ وہ شو آف ہینڈ اور دوسری جگہ سیکرٹ بیلٹ کی بات کرتی ہے جمہوریت اس طرح نہیں چلتی پندرہ جنوری کو حلف برداری بھی ہوگئی مگر ابھی تک اختیارات نہیں دیئے جارہے ہیں صوبائی حکومت بلدیاتی نمائندوں کا بجٹ بھی استعمال کرتی جارہی ہے عدالت انہیں اس کام سے روکے ۔

(جاری ہے)

الطاف حسین کی صحت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ بالکل صحیح ہیں اور انہوں نے کارکنان سے خطاب بھی کیا تھا بعض سینئر اینکر پرسن غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں مصطفی کمال کی جانب سے نئی پارٹی کے اعلان پر انہوں نے کہا کہ بچے کا نام رکھ دیا گیا ہے اس کے کان میں آذان ہم دینگے ۔ پرویز مشرف کے بیرون ملک جانے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جب میاں بیوی راضی تو کیا کرے گا ۔