Live Updates

موجودہ حکمران پاکستان عظیم ملک بنانے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں، قیادت کے فقدان کی وجہ سے ملک ترقی کی بجائے تنزلی کی طرف بڑھ رہا ہے ،ہر قسم کے وسائل سے مالا مال ملک کو حکمران بھیک اور قرضوں کے ذریعے چلارہے ہیں ہمیں ملک کو تقسیم کرنے کی بجائے متحد کرنے کا عہد کرنا ہوگا

تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کاکوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب

بدھ 23 مارچ 2016 22:27

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مارچ۔2016ء ) چیئر مین پاکستا ن تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہیں اور ان ہی نے اس ملک کو موجودہ مشکلات کی دلدل سے نکال کر ترقی کی طرف لے کر جانا ہے کیونکہ موجودہ حکمران اسے عظیم ملک بنانے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں ، 1960ء کی دہائی میں ترقی پزیر ممالک میں پاکستان کا شمار تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک میں تھا لیکن قیادت کے فقدان کی وجہ سے ترقی کی بجائے تنزلی کی طرف بڑھ رہا ہے جوکہ قومی المیہ ہے۔

وہ بدھ کے روز کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ طلبا ء تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔تقریب میں دوسروں کے علاوہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،پی ٹی آئی کی مقامی قیادت وکارکنان اور طلباء کی کثیر تعداد بھی موجو دتھی۔

(جاری ہے)

عمران خان نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ہر قسم کے وسائل سے مالا مال ملک کو حکمران بھیک اور قرضوں کے ذریعے چلارہے ہیں اور بھیک اور قرض لے کر اسے اپنی کامیابی قرار دیتے ہیں۔ نوجوانوں سے مخا طب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ نے ہماری والی غلطیاں نہیں دہرانی ہیں اور ملک کو عظیم تر بنانے کے لئے انتھک جدوجہد کرنی ہے اور حکمرانوں پر چیک رکھ کر اپنے حقوق کے لئے لڑنا ہے ۔

چیئر مین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کو تقسیم کرنے کی بجائے متحد کرنے کے لئے عہد کریں ۔انہوں نے کہا کہ حضرت محمد مصطفی ؐ کی ہستی اور مدینہ کی فلاحی ریاست ہمارے لئے رول ماڈل ہے اور اس کی پیروی کرکے صحیح معنوں میں پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانا ہے جہاں قانون کی بالادستی اور انصاف کا بول بالا ہو اور طاقتور اور غریب کے لئے الگ الگ قانون نہ ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ بزدل آدمی کبھی ایک مثالی لیڈر نہیں بن سکتا کیونکہ لیڈر انسانوں اور انسانیت کے لئے ہوتا ہے ۔عمران خان نے کہا کہ موجودہ دور میں چائنہ کا نظام اپنی مثال آپ ہے جس نے 25سالوں میں 50کروڑ سے زیادہ لوگوں کو غربت کی لکیر سے نکال دیا اور وہ خود بھی اسے سٹڈ ی کرنے کے لئے چائنہ جار ہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غربت کا خاتمہ کرنے کیلئے ہمیں معیشت اور اداروں کو مضبوط اور چھوٹے کسان کو خوشحال بنانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہر شعبے میں تبدیلی کا آغاز کر دیا گیا ہے ،پولیس کو غیر سیاسی بناکر پورے ملک کے لئے رول ماڈل بنا دیا ہے اور پہلی دفعہ کرپشن پر پولیس سے 4500اہلکاروں کو برطرف کر دیا گیا ہے،ہر طرف میرٹ کا بول بالا ہے اور تمام بھرتیاں سفارش کی بجائے این ٹی ایس کے ذریعے کی جارہی ہیں اور سرکاری سکولوں کو بہتر بنانے کے لئے اسے گاؤں کی سطح پر ویلج کونسل کی نگرانی میں دے رہے ہیں اور اسی طرح سرکاری ہسپتالوں میں بھی اصلاحات کا آغاز کر دیا گیاہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات