امریکا، چین اوربھارت سمیت دنیا بھرمیں پاکستانی سفارتخانوں میں یوم پاکستان روایتی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا

بیلجیئم میں یوم پاکستان کی تقریب برسلزمیں دھماکوں کی وجہ سے سادگی سے منائی گئی اور ہلاک ہونے والوں کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی

بدھ 23 مارچ 2016 22:03

اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 مارچ۔2016ء) امریکا، چین اوربھارت سمیت دنیا بھرمیں پاکستانی سفارتخانوں میں یوم پاکستان روایتی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا۔ سفارتخانوں میں منعقدہ ان تقریبات میں پاکستان کا قومی پرچم لہرایا گیا۔ صدراور وزیراعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ مختلف ممالک میں موجود پاکستان کی فوج کے چاک وچوبند دستوں نے سلامیاں دیں، بحرین میں منعقدہ تقریب میں مولانا فضل الرحمان نے بھی تقریب میں شرکت کی، یوم پاکستان کے موقع پر23مارچ کو بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان روایتی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا۔

یہاں سفارتخانے کے صحن میں منعقدہ تقریب میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یہاں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی اورپاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تخلیق پاکستان کسی انہونی سے کم نہیں قرارداد پاکستان کی منظوری کے محض 7 سلا کے اندر اندر قائد اعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان ایک حقیقت بن کر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ معمول کے تعلقات کا خواہش مند ہے جو باہمی احترام اورمفاد پرمبنی ہوں ، یہ تعاون خطے کی سالمیت کیلئے ضروری ہے۔ اس موقع پرصدراور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ ہائی کمشنرکی جانب سے ایک ہزار بھارتی مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم بھی شرکت کی ۔

دبئی میں پاکستان کے سفارتخانے میں بھی یوم پاکستان کے سلسلے میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں سفیر آصف درانی نے قومی پرچم لہرایا۔ صدر اوروزیراعظم پاکستان کے پیغام پڑھ کر سنائے گئے ، تقریب میں بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے قیام پاکستان اور تحریک پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ سری لنکا میں بھی یوم پاکستان کے سلسلے میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی ہائی کمشنر میجرجنرل(ر) سید شکیل حسین نے قومی پرچم لہرایا۔

پاکستانی ہائی کمشنر نے پاکستان اور سری لنکا کے باہمی تعلقات پراطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان ایک پرامن ہمسائیگی کیلئے تمام پڑوسی ممالک سے گہرے دوستانہ مراسم کیلئے کوشاں ہے۔ چین میں بیجنگ میں پاکستان کے سفارتخانے میں بھی یوم پاکستان کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کے سفیرخالد مسعود نے قومی پرچم لہرایا۔

بعد ازاں تقریب میں شرکاء کو صدر اور وزیراعظم پاکستان کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا ۔ تقریب میں چین میں پاکستان کے طالب علموں اوردیگر لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستان کے سفارتخانے میں بھی یوم پاکستان کی تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستان کے سفیر سید ابرار حسین نے قومی پرچم لہرایا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے قرارداد پاکستان اور تحریک پاکستان کی قربانیوں کا ذکرکیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ گہرے دوستانہ تعلقات کے استحکام کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے اس موقع پر افغانستان کی تعمیرنو، پاکستان کی جانب سے صحت اور تعلیم سمیت دیگرشعبوں میں افغانستان کے تعاون پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ پرائم منسٹر پاکستان سکالر شپ پروگرام کے تحت 2200 افغانیوں کو تعلیم کلئے پاکستان بھجوایا گیا۔

بحرین میں پاکستان کے سفارتخانے میں یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں پاکستان کے سفیر جاوید ملک نے قومی پرچم لہرایا۔ یہاں موجود پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے سلامی دی۔ اس موقع پر قومی ترانہ پڑھا گیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ سی ٹی ایف کمانڈ کے سربراہ کموڈور زاہدا الیاس کو خصوصی شیلڈ پیش کی گئی ۔ اس موقع پرمولانا فضل الرحمان نے خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کی ۔

تقریبات میں پاکستان کی تعمیراوراستحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اٹلی میں پاکستان کے سفارتخانے میں بھی یوم پاکستان کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کے سفیر ندیم ریاض نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر صدر اور وزیراعظم کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ پاکستانی سفیر نے خطاب کرتے ہوئے قرارداد پاکستان پر روشنی ڈالی۔

ترکی میں بھی پاکستانی سفارتخانے میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستان کے سفیر سہیل محمود نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر تقریب میں بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی ، صدر اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے ۔ امریکا میں بھی یوم پاکستان روایتی جوش وجذبے سے منایا گیا جس میں پاکستانی تارکین وطن نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

پاکستان کے امریکا میں سفیر جلیل عباس جیلانی نے قومی پرچم لہرایا۔ صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے ۔ جلیل عباس جیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 23مارچ پاکستان کی تاریخ میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے جب ہمارے آباؤ اجداد نے ایک الگ وطن کا سنگ بنیاد رکھا۔ فرانس میں پاکستانی سفارتخانے میں بھی یوم پاکستان کے سلسلے میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی ۔

انہوں نے فرانس اور یورپ میں موجود پاکستانیوں پر زوردیا کہ وہ اپنے وطن میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔ ایران کے شہر تہران میں بھی خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں قومی پرچم لہرایا گیا۔ صدر اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے ۔ بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں یوم پاکستان کی تقریب برسلزمیں دھماکوں کی وجہ سے سادگی سے منائی گئی۔ برسلز میں ہلاک ہونے والوں کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی۔