ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں ایم کیوایم کے وفد کی یوم پاکستان کے موقع پر مزار قائدؒ پر حاضری

ہمیں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے اقوال پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے ، ڈاکٹر فاروق ستار وفد نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی ،ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور امن و امان کے قیام کیلئے دعا

بدھ 23 مارچ 2016 21:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مارچ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاورق ستار کی سربراہی میں ایم کیوایم کے وفد نے یوم پاکستان کے موقع پر قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔ ایم کیوایم کے وفد میں رابطہ کمیٹی کے ارکان عارف خان ایڈووکیٹ ، محفوظ یار خان ، حق پرست رکن قومی اسمبلی مزمل قریشی ، نامزد میئر کراچی وسیم اختر ،ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا اور نومنتخب بلدیاتی نمائندے بھی موجود تھے ۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے مزار قائد پر پھولوں چادر چڑھائی اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی ، دہشت گردی کے خاتمہ اور امن و امان کے قیام کیلئے دعا بھی کی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں بانی پا کستان محمد علی جناح کے قول اتحاد ، تنظیم ،یقین اورمحکم پر عمل پیر ہونے کی ضرورت ہے ، اتحاد ہو گاتوتنظیم ہوگی ،یقین ہو گا توپاکستان بھی تر قی یا فتہ ہو گااورپوری دنیا میں میں پاکستان کا وقار بلند ہو گا ، ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہمیں پا کستان میں ایسا معاشرہ اور قو م وضع کر نی ہے جہاں قائد اعظم کے خواب کے مطابق پاکستان میں برابری کی بنیاد پر وسائل کی تقسیم ،مذہبی رواداری ہو اور عوام اپنی تقدیر کے خود مالک ہو ں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات ہوچکے ہیں لہٰذا میئر کے الیکشن کرائے جائیں اور مقامی حکومتوں کو کام کرنے دیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ مقامی حکومتوں کے نظام میں حائل رکاوٹیں دور کی جانی چاہئے اور عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرکے اختیارات منتقل کئے جانے چاہئیں یہی جمہوریت کا حسن اور تقاضا بھی ہے ۔ انہوں نے تمام پاکستانیوں کو یوم پاکستان کی دلی مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ پاکستان اور پاکستانی قوم کو ہمیشہ سرخرو رکھے ۔