ہولی کا تہوار نیکی کا بدی پر غالب آنے کا دن ہے،وزیر اقلیتی امور گیان چند اسرانی کی ہندو برادری کو ہولی کی مُبارکباد

بدھ 23 مارچ 2016 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیر اقلیتی اُمور گیان چند اسرانی نے ہندو برادری کے مُقدس تہوار ہولی پر پاکستان کی ہندو برادری کو مُبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہولی کا تہوار نیکی کا بدی پر غالب آنے کا دن ہے ۔ ہمیں آج کے دن یہ عہد کرنا ہے کہ ہم برائیوں کا خاتمہ کریں اور نیکی کی جانب راغب ہوں ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان بالخصوص سندھ کی ہندو برادری آج کے دن عبادت گاہوں میں پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں اور عہد کریں کہ ہمیں پاکستان کو دشمن سے بچانا اور مستحکم کرنا ہے ۔

آج کل ہمارا وطن جس نازک وقت سے گزر رہا ہے اس میں ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کی فضاء قائم رکھنی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہولی کے مُقدس تہوار پر پاکستان پیپلز پارٹی کی جمہوری حکومت نے سندھ میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جو اس سے پہلے کسی حکومت نے نہیں کیا ۔ سندھ بین المذاہب ہم آہنگی کا مقام ہے جہاں صوفیاء اور اولیاء نے محبت سے آپس میں مل جل کر رہنے کی تعلیمات دیں اور ہمارا فرض ہے کہ ہم اُن کی تعلیمات سے بہرو مند ہوں ۔