لاہور کی تاریخی اور دیگر عمارات پر زلزلے اور بارشوں سے ہونے والے اثرات سے متعلق جیولوجیکل سروے کروانے کا فیصلہ

سروے کا مقصد مستقبل میں کسی بھی نوعیت کی قدرتی آفات سے قبل از وقت نمٹنے کیلئے اقدامات کرنا ہیں ‘ ترجمان پی ڈی ایم اے

بدھ 23 مارچ 2016 21:08

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مارچ۔2016ء) صوبائی دارالحکومت لاہور کی تاریخی اور دیگر عمارات پر زلزلے اور بارشوں سے ہونے والے اثرات سے متعلق جیولوجیکل سروے کروانے کا فیصلہ کر لیا گیا ،سروے کا مقصد مستقبل میں کسی بھی نوعیت کی قدرتی آفات سے قبل از وقت نمٹنے کے لئے اقدامات کرنا ہیں۔پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں پاکستان میٹرولو جیکل ڈیپارٹمنٹ کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں، تاریخی عمارات ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، جن کی حفاظت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ہماری نئی نسلوں کو ماضی سے آگاہی حاصل ہو۔

مستقبل کے لئے کسی بھی قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے قبل ازوقت انتظامات کئے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی حادثہ سے دو چا ر نہ ہونا پڑے اور کم سے کم قیمتی جا ن و مال کو نقصان پہنچے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ ا سلام آباد سمیت لاہور، سرگودہا،ڈی جی خان،ملتان،راولپنڈی میں 25 بار زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کئے گئے، تمام کمشنرز اور ڈی سی اوز کی سربراہی میں قائم ایڈوائزری کمیٹیوں نے خطرناک عمارات بارے سروے رپورٹ ارسال کرنا شروع کر دی ہے، جس کے نتیجہ میں انتہائی خطرناک عمارات کو گرایا جا رہا ہے، جبکہ دیگر کی تعمیر و مرمت کی جا رہی ہے اور تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ جب بھی کسی نوعیت کا زلزلہ محسوس ہو فوری سرکاری و دیگر عمارات کی سروے رپورٹ مرتب کی جائے۔

ترجمان کے مطابق کمشنر لاہور ڈویژن کی سربراہی میں ماڈل بائی لاز میں ترامیم اورنئے مشاورتی قوانین بنانے بارے سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :