رتی برابر کرپشن ثابت ہو جائے تو قوم سے معافی مانگ کر سیاست سے علیحدہ ہو جاؤنگا، کرپشن کے نظام کو دفن کرنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا،پاکستان کی لاج رکھتے ہوئے محنت، امانت، صداقت اور دیانت کو شعار بنا کر آگے بڑھنا ہے سماجی، معاشی اور معاشرتی انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے، عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا یوم پاکستان کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب

بدھ 23 مارچ 2016 19:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مارچ۔2016ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوم پاکستان کے عظیم اور تاریخی دن کے موقع پر میں قوم سے وعدہ کرتا ہوں کہ آخری بچے کے سکول داخلے، غربت ، بے روزگاری ، جہالت کے اندھیرے دور کرنے ، سفارش ، دھونس دھاندلی، کرپشن، نا انصافی اور لوٹ کھسوٹ کے نظام کو ہمیشہ کے لئے دفن کرنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا اور اس سفر میں معاشرے کے ہر طبقے کو میرا ساتھ دینا ہے اور ہم سب نے مل کرایک ٹیم کے طور پر اس مشکل سفر کو طے کرنا ہے، قرار داد پاکستان کی لاج رکھتے ہوئے محنت، امانت، صداقت اور دیانت کو شعار بنا کر آگے بڑھنا ہے،ملک کو بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق صحیح معنوں میں ایسی فلاحی اسلامی ریاست بنانا ہے جہاں ہر شہری کو بلاامتیاز رنگ و نسل آگے بڑھنے کے یکساں مواقع حاصل ہوں، انصاف ، میرٹ اور قانون کی حکمرانی سکہ رائج الوقت ہو اوراس منزل کے حصول کے لئے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے، سفر مشکل اورطویل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ تحریک قیام پاکستان اورقرار داد پاکستان والے جذبے کو زندہ کر کے ہم منزل حاصل کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو ایوان اقبال میں یوم پاکستان کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ سابق صدر جسٹس (ر) رفیق تارڑ، جسٹس (ر) محبوب احمد، صوبائی وزراء رانا مشہود، بیگم ذکیہ شاہنواز،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، امریکہ ، ایران اور چین کے قونصل جنرل، تحریک پاکستان کے کارکنان ، غیر ملکی مندوبین ، سفارتکاروں ، دانشوروں ، کالم نگاروں ، مذہبی سکالرز، یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز ، طلبا و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی-وزیر اعلی شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک انتہائی اہم دن ہے - 23 مارچ 1940 ء کو قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں ہندوستان کے کونے کونے سے مسلمان منٹوپارک میں اکٹھے ہوئے اور قائد اعظم ؒکی کرشماتی قیادت میں صرف 7 سال کے عرصہ میں مسلمان ایک علیحدہ مملکت کے حصول میں کامیاب ہوئے-قائد اعظمؒ کی قیادت میں اکٹھے ہونے والے سب لوگ متحد اور پرعزم تھے اور ایک نیک مقصد کے لئے جدوجہد میں شریک تھے-ان میں نہ کوئی شیعہ تھا اور نہ کوئی بریلوی ، نہ ہی کوئی اہل حدیث اورنہ کوئی دیوبند ، سب کے سب متحد ہو کر ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لئے جدوجہد کر رہے تھے لیکن آج قوم فرقوں اور گروہوں میں بٹی ہوئی ہے اور ہر ایک نے اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنائی ہوئی ہے- ہمیں جائزہ لینا ہے کہ اس تاریخی دن کو گزرے 76 سال ہو چکے ہیں کیا ہم نے قائد اعظمؒ کی روح اور تحریک پاکستان کے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کے ساتھ کیا انصاف کیا ہے ؟آیا ہم نے وطن عزیز کے حصول کی تحریک میں جانیں نچھاور کرنے والوں کا حق ادا کر دیا ہے؟ کیا ہم یوم پاکستان کے موقع پر ہر سال قائداعظمؒ کی روح سے کرنے والے وعدے کو نبھا رہے ہیں؟ ہمیں کھلے دل سے جائزہ لینا ہے کہ آج ہم کہاں کھڑے ہیں ؟انہوں نے کہا کہ جو قومیں ہم سے پیچھے تھیں وہ آج آگے نکل چکی ہیں اوراس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہم نے قائدؒ اور اقبال ؒکے سبق کو بھلا دیا ہے- وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ایٹمی قوت تو ضرور بنا ہے اور اس کا دفاع بھی ناقابل تسخیر ہوا ہے - دشمن پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا اور اگر کسی نے وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تو قوم اس کی آنکھیں نکال دے گی - انہوں نے کہا کہ ایٹمی قوت ہونے کے باوجود پاکستان معاشی طور پر مضبوط ملک نہیں بن سکااور کوئی قوم کشکول اٹھا کر ترقی نہیں کر سکتی-دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ کشکول لیکر پھرنے والی کسی قوم نے آج تک ترقی نہیں کی - چین ، یورپ ، امریکہ اور دیگر اسلامی ممالک نے محنت ، امانت اور دیانت کو شعار بنا کر ہی ترقی کا سفر طے کیا ہے اور اس کے علاوہ ترقی کا کوئی اور راستہ نہیں-انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان کے تاریخی دن کے موقع پر میرا وعدہ ہے سماجی، معاشی اور معاشرتی انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے ، بے روزگاری اور غربت کے خاتمے اور لوٹ کھسوٹ کے نظام کو ختم کریں گے اورکسی صورت عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے - وزیر اعلی نے تقریب میں موجود نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کا تابناک مستقبل ہیں کیونکہ ملک کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ملک کے عوام نوجوانوں کی طرف ہی دیکھ رہے ہیں - نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں جنہیں ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنا ہے اور اس ضمن میں ہم نوجوانوں کو با اختیار بنا کر دم لیں گے-انہوں نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے سات برس میں عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اور خدمت خلق کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا- انہوں نے کہا کہ میرے تمام ادوار میں اگر مجھ پر رتی برابر کرپشن ثابت ہو جائے تو میں قوم سے معافی مانگ کر سیاسی عمل سے علیحدہ ہو جاؤں گا-وزیر اعلی نے باب پاکستان پراجیکٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں 12 اکتوبر 1999ء کے مارشل لاء سے قبل اس منصوبے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی-2008ء میں جب پاکستان مسلم لیگ (ن) کو دوبارہ حکومت ملی تو یہ بات سامنے آئی کہ پرویز مشرف کے دور آمریت میں پرویز الہی کی حکومت نے اس منصوبے پر غریب قوم کی محنت سے کمائے گئے 90 کروڑ روپے اٹلی سے قیمتی سنگ مر مر منگوانے پر ضائع کرنے کا پروگرام بنارکھا تھا اورمیں کسی صورت غریب قوم کے یہ پیسے ضائع ہوتے ہوئے نہیں دیکھ سکتا تھالہذا میں نے اس پروگرام کو روکا اور اٹلی کی بجائے مقامی سطح پر تیار کئے گئے سنگ مر مر کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا-میں نے اٹلی سے قیمتی سنگ مرمرمنگوانے کی فائل پر کراس لگایا اور کہا کہ میں مرتو سکتا ہوں لیکن غریب قوم کے 90 کروڑ روپے کسی صورت ضائع نہیں ہونے دوں گا-یہ کسی طور پر جائز نہیں تھا کہ جس ملک میں بجلی نہ ہو ، عوام کو پینے کا صاف پانی میسر نہ ہو ، عوام صحت کی سہولتوں سے محروم ہوں اور اس ملک کا پیسہ قیمتی سنگ مر مر درآمد کرنے پر ضائع ہو -انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے حوالے سے دور آمریت میں ٹھیکیدار کو بغیر ٹینڈرنگ کے عمل کے ٹھیکہ دیا گیا اور قوم کے 50 کروڑ روپے پر ڈاکہ مارا گیا-میں یہ ظلم کسی صورت برداشت نہیں کر سکتا تھا کیونکہ یہ بھی ایک طرح سے تحریک پاکستان کے شہداء کے خون سے ظلم اورنا انصافی کے مترادف تھا-ہم نے صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا ہے اور تمام منصوبے شفاف طریقے سے مکمل کئے جا رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ پاکستان کو توانائی کے بحران کا سامنا ہے اور مشکل وقت میں ہمارے دوست ملک چین نے ہمارا ہاتھ تھاما ہے اور پاکستان کے لئے 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا پیکیج دیا ہے - جس کے تحت 36 ارب ڈالر کے توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان کے اندھیرے دور ہوں گے - ملک کی صنعت اور زراعت ترقی کرے گی اور پاکستان خوشحال کی منزل سے ہمکنا ہو گا-انہوں نے کہا کہ ملک کو قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنانے کیلئے محنت، امانت اور دیانت کے سنہری اصولوں کو اپناتے ہوئے آگے بڑھیں گے اور انشاء اﷲ قائد اعظم کے ویژن کے مطابق ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں انصاف کا بول بالا ہو ، قانون کی حکمرانی اور ہر شہری کو آئین کے مطابق بلا امتیاز رنگ و نسل اور مذہب یکساں حقوق حاصل ہوں-سینئر صحافی ، کالم نگار اور دانشورمجیب الرحمن شامی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ 1940 ء کو ہندوستان کے کونے کونے سے مسلمانوں کے نمائندے اور ورکرز اکٹھے ہوئے اور مسلم اکثریتی علاقوں پر مبنی ریاست کے قیام کا عہد کیا-تحریک پاکستان کے کارکنوں کی خدمات کے اعتراف میں منعقدہ تقریب پنجاب حکومت کی اچھی کاوش ہے - انہوں نے کہا کہ میں 100 فیصد یقین کہہ سکتا ہوں کہ وزیر اعلی شہباز شریف کی دیانت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا اور وہ ہمیشہ سچی بات کرتے ہیں اور سچی قیادت ہی کسی ملک کی ترقی کے لئے ضروری ہوتی ہے - وزیر اعلی شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب نے گزشتہ چند سالوں میں بے مثال ترقی کی ہے - بیرون ممالک سے آنے والے لوگ پنجاب کی ترقی کو دیکھ کر حیران ہوتے ہیں -بسوں اور ٹرینوں جیسے شاندار منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی جاتی ہے - میں سمجھتا ہوں جس طرح سکول اور ہسپتال ضروری ہیں اسی طرح ذرائع آمد و رفت کو بہتر بنانا بھی لازم ہے -وزیر اعلی شہباز شریف نے تقریب کے اختتام پر تحریک پاکستان کے کارکنوں میں گولڈ میڈلز تقسیم کئے -سابق صدر پاکستان جسٹس (ر) رفیق تارڑ اور جسٹس (ر) محبوب احمد نے وزیر اعلی پنجاب کو تحریک پاکستان کے کارکنان کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی ۔