حکومت یوریا کی قیمت کم کرنے کیلئے اقدامات کرے، افتخار علی ملک

پاکستان میں یوریا کی ایک بوری کی قیمت بین الاقوامی منڈی میں دستیاب یوریا سے دو سو روپے زیادہ ہے جو زرعی شعبہ کیلئے خطرہ ہے، چیئرمین یونائیٹڈ بزنس گروپ

بدھ 23 مارچ 2016 18:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 مارچ۔2016ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چئیرمین افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ حکومت یوریا کی قیمت کم کرنے کیلئے اقدامات کرے کیونکہ اسکی اضافہ قیمت زرعی شعبہ کیلئے خطرہ ہے ۔ پاکستان میں یوریا کی ایک بوری کی قیمت بین الاقوامی منڈی میں دستیاب یوریا سے دو سو روپے زیادہ ہے جس سے غریب کاشتکاروں کی حوصلہ شکنی ہورہی ہے جو پہلے ہی زراعت کے حالیہ نقصانات سے سبب پریشان ہیں۔

یوریا کی قیمت کی وجہ سے اسکے استعمال میں کمی ہو گئی جو زرعی پیداوار اور ملکی جی ڈی پی کیلئے نقصان دہ ہے۔ افتخار علی ملک نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ فرٹیلائیزر کمپنیاں زیادہ منافع کی خاطر ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کو نقصان نہ پہنچائیں اور قیمت کم کریں ورنہ بڑے پیمانے پر یوریا کی درامد شروع ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

فرٹیلائیزر کی قیمت کم کرنے کیلئے اس شعبہ پر عائد سیلز ٹیکس اور جی آئی ڈی سی کو کم کیا جائے ۔

2011 تک فی ایم ایم بی ٹی یو پر 197 روپے جی آئی ڈی سی لاگو تھا جو اب تین سو روپے ہے جس سے پیداواری لاگت میں اضافہ ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی فرٹیلائیزر کمپنیوں کو گیس مشرق وسطیٰ کے ممالک سے دگنی قیمت پر بیچی جا رہی ہے اسلئے پالیسی ساز اس پر دوبارہ غور کریں۔ واضع رہے کہ حال ہی میں قومی اسمبلی کی صنعت و پیداوار کی قائمہ کمیٹی میں یوریا کی قیمت پر تحفظات ظاہر کئے گئے اور کمیٹی ممبران نے کہا تھا کہ یوریا سیکٹر بلاوجہ قیمت بڑھا کر کاشتکاروں کو نقصان پہنچا کر تیس ارب روپے کا غیر قانونی فائدہ اٹھا رہاہے۔ موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض تاجروں نے یوریا درامد کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اسلئے ملکی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :