یوم پاکستان تجدید عہد کا دن ہے جو وطن کی تعمیر و ترقی کو عزم نو بخشتا ہے ‘بلال یاسین

رواداری اور برداشت کے جذبے کو فروغ دیا جائے جو جمہوریت کی اصل روح ہے ‘ صوبائی وزیر خوراک

بدھ 23 مارچ 2016 17:56

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہاہے کہ یوم پاکستان تجدید عہد کا دن ہے جو نہ صرف وطن کی تعمیر و ترقی کو عزم نو بخشتاہے بلکہ قائد اعظم ؒ اور تحریک آزادی کے عظیم قائدین کو خراج تحسین بھی پیش کرنے کا دن ہے ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنی دن رات محنت اور قائد اعظم ؒ کے زریں اصولوں پر پابند رہتے ہوئے عوام کی ترقی وخوشحالی میں کوشاں ہے۔

یہ بات انہوں نے مزار ا قبالؒ پر پھولوں کی چادر چڑھاتے اور فاتحہ خوانی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ان کے ہمراہ ڈی سی او لا ہور کیپٹن (ر) عثمان یوسف بھی تھے۔صوبائی وزیر کو مزار اقبالؒ پر تعینات رینجرز کے چاوق و چوبند دستے نے گارڈآف آنر بھی پیش کیا ۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے شاہی قلعہ میں پرچم کشائی کی رسم اداکی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 23مارچ قائد اعظم ؒ او رعلامہ اقبالؒ کے افکار اور دو قومی نظریے کی آفاقیت کو اجاگر کرتا ہے۔

پاکستان کا قیام ایک طویل جمہوری جدوجدکے نتیجے میں ممکن ہوا اور اب اس کی ترقی اور استحکام کا راز بھی جمہوریت میں پوشیدہ ہے ۔ لہٰذا ضروری ہے کہ رواداری اور برداشت کے جذبے کو فروغ دیا جائے جو جمہوریت کی اصل روح ہے کیونکہ آج پاکستان دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے جن چیلنجوں کا مقابلہ کررہاہے ا س کا صرف اور صرف رواداری ، برداشت اور یکجہتی سے ہی مقابلہ کیا جاسکتاہے ۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت اقبالؒ کے افکار اور قائد اعظم ؒ کے اصولوں پر پابند رہتے ہوئے پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالنے میں ضرور کامیاب ہوگی۔