اینٹی نار کو ٹکس فورس کا اسپتال نشے کے عادی افراد کی بحالی میں اہم کردار ادا کررہا ہے ،گورنر سندھ

بدھ 23 مارچ 2016 16:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مارچ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ اینٹی نار کو ٹکس فورس کی جانب سے نشے کے عادی افراد کے لئے لیاری میں قائم کیا جانے والا اسپتال ان کی بحالی اور معاشرے میں دوبارہ شمولیت کے ضمن میں اہم کردار ادا کررہا ہے ، منشیات کے معاشرے پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ خصوصاً نوجوان نسل کو اس برائی سے بچایا جا سکے ۔

ان خیالات کا اظہا رگورنر سندھ نے اینٹی نارکوٹکس فورس کے صوبائی ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے یوم پاکستان کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو، ڈائریکٹر جنرل اینٹی نا رکوٹکس فورس میجر جنرل نا صر دلا ورشاہ ، انسپیکٹرجنرل سندھ پولیس اے ڈی خواجہ ، فورس کمانڈ ر اے این ایف سندھ بریگیڈیئر محمد ابو ذر اور ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایس ایم منیر اور معروف صنعت کار سردار یاسین ملک بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور انھیں دوبارہ سے معاشرے کا کا ر آمد فرد بنانا ایک بہت بڑا ٹاسک ہے جس کے لئے اینٹی نا رکوٹکس فورس کی کا وشیں قابل تحسین ہیں ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ فورس کی جانب سے منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لئے بھی نمایاں اقدامات کئے جارہے ہیں اور ان کی مسلسل کارروائیوں کے ذریعہ منشیات کی بڑی تعداد میں کو تلف کیا جاتا ہے ۔

گورنر سندھ نے لیاری میں قائم کئے جانے والے ماڈل ایڈکشن ٹریٹمنٹ اینڈ ری ہیبلیٹیشن سینٹر Model Addiction Treatment and Rehabilitation Centre (MATReC) میں نشے کے عادی بچوں اور خواتین کے علاج کیلئے علیحدہ اسپتال کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت اس ضمن میں اے این ایف کو کل اخراجات کا نصف فراہم کرے گی ۔ گورنر سندھ نے تاجر برادری ، صنعت کاروں اور مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ بھی منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے کام میں اے این ایف کا ساتھ دیں تاکہ معاشرے سے منشیات جیسی لعنت کے خاتمے کیلئے اقدامات کو مزیدتیز کیا جاسکے ۔

انہوں نے منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے ضمن میں اے این ایف کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل ناصر دلاور کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پوری فورس منشیات کے خلاف متحرک اور فعال کردار ادا کررہی ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل ناصر دلاور شاہ نے کہا کہ ملک کو منشیات سے پاک کرنا اے این ایف کا عزم ہے اور اس کے تمام افسران اور جوان اس کا م کو قومی فریضہ سمجھ کر انجام دے رہے ہیں۔ فورس کمانڈر بریگیڈیئر ابوذر نے صوبہ سندھ میں اے این ایف کی کارکردگی کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی۔ انہوں نے اسپتال میں توسیع کے منصوبے میں بھرپور تعاون پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ایس ایم منیر اور سردار یاسین ملک نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :