Live Updates

60کی دہائی میں پاکستان تیزی سے ترقی کرنے والا ملک تھا‘ ہماری غلطیوں سے ملک کا آج یہ حال ہوا ‘ ہم نے عظیم پاکستان کیلئے جدوجہد نہیں کی‘ طلباء ملک کا مستقبل اور امید ہیں ‘آپ نے وہ غلطیاں نہیں کرنی جو ہم نے کیں‘ آپ حکمرانوں کو ظلم نہیں کرنے دینگے تو پاکستان عظیم ملک بن سکتا ہے‘ طلباء حکمرانوں پر چیک رکھیں اور ظلم کا ڈٹ کر مقابلہ کریں

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کوہاٹ یونیورسٹی میں یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب

بدھ 23 مارچ 2016 16:46

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مارچ۔2016ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 60کی دہائی میں پاکستان تیزی سے ترقی کرنے والا ملک تھا‘ ہماری غلطیوں کی وجہ سے ملک کا آج یہ حال ہوا ‘ ہم نے عظیم پاکستان کے لئے جدوجہد نہیں کی‘ طلباء حکمرانوں پر چیک رکھیں اور ظلم کا مقابلہ کریں۔ وہ بدھ کو کوہاٹ یونیورسٹی میں یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

عمران خان نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ملک کا مستقبل اور امید ہیں آپ نے وہ غلطیاں نہیں کرنی جو ہم نے کیں۔ آپ حکمرانوں کو ظلم نہیں کرنے دیں گے تو پاکستان عظیم ملک بن سکتا ہے۔ طلباء حکمرانوں پر چیک رکھیں اور ظلم کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء ہمارے ملک کے مستقبل کے لیڈر ہیں نبی کریم دنیا کی تاریخ کے سب سے بڑے لیڈر تھے۔

(جاری ہے)

کسی بھی لیڈر نے دنیا میں اتنی کامیابیاں حاصل نہیں کیں جتنی ہمارے نبی نے حاصل کیں کیونکہ ان کے پاس نظریہ تھا۔ لیڈر کبھی بھی نظریے کے بغیر لیڈر نہیں بن سکتا۔ لیڈر وہ ہوتا ہے جو لوگوں کا سوچے اپنی ذات کے لئے سوچنے والا کبھی لیڈر نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ساٹھ کی دہائی میں پاکستان تیزی سے ترقی کرنے والا ملک تھا ہماری غلطیوں کی وجہ سے آج ملک کا یہ حال ہوا۔ کیا وجہ ہے کہ ایک ترقی یافتہ ملک بھیک مانگنے پر مجبور ہوگیا۔ عمران خان نے کہا کہ تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں کبھی بزدل انسان لیڈر نہیں بن سکتا لیڈر بننے کے لئے خوف کا بت توڑنا پڑتا ہے۔ ہم تھوڑی سی بھی کوشش کریں تو پاکستان کو عظیم ملک بنا سکتے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات