یوم پاکستان،گورنر اور وزیر اعلی سندھ، سندھ کابینہ کے ارکان اور اعلی حکام کی قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری

بدھ 23 مارچ 2016 14:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مارچ۔2016ء) یوم پاکستان کے موقع پر کراچی میں گورنر اور وزیر اعلی سندھ، سندھ کابینہ کے ارکان اور اعلی حکام نے قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی ہے۔کراچی میں یوم پاکستان کاآغاز 21توپوں کی سلامی سے ہوا، مساجد میں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔اس موقع پر وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ اور گورنر عشرت العباد نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی ۔

سینئروزیر نثار کھوڑو، منظور وسان، کمشنر کراچی اور شرمیلا فاروقی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ انہوں نے مزار پر پھول چڑھائے،فاتحہ خوانی کی اور برصغیر کے عظیم قائد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ آج کا دن تاریخی ہے گزشتہ سال اور اس سال کی 23 مارچ میں بہت فرق ہے، وفاق اور صوبائی حکو متوں کی دہشتگردی کے خلاف جدو جہد جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بحالی سے ملک میں بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے۔گورنر سندھ نے کراچی میں کے 4 منصوبے اور لیاری ایکسپرس وے پر وزیر اعلی سندھ کا شکر یہ ادا بھی کیا۔اس موقع پر وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف آرمی چیف کی کوششوں کو سراہتے ہیں قانون نافذ کرنیو الے اداروں نے بہت سی قربانیاں دی ہیں۔