پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، اپنے وسائل کو ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے استعمال کرتا ہے، صدر مملکت ممنون حسین

بدھ 23 مارچ 2016 13:56

اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 مارچ۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، اپنے وسائل کو ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے استعمال کرتا ہے، پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جائے، ایٹمی پروگرام کے حوالے سے بلاجواز تنقید بند ہونی چاہئے، اپنے ملک کے دفاع اور مسلح افواج کی ضروریات پوری کرنے کیلئے روایتی دفاع میں خود انحصاری کی منازل طے کر رہے ہیں، خطے میں دفاعی توازن پر یقین رکھتے ہیں، اسلحہ کی دوڑ میں شامل ہوئے ہیں اور نہ ہی شامل ہونگے، بحیثیت پر امن ملک ہم ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات کے خواہشمند ہیں لیکن امن کی پالیسی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ، جارحیت کو ناکام بنا دیں گے۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو پریڈ گراؤنڈ میں 76ویں یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف، وزیردفاع خواجہ محمد آصف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود، چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ کے علاوہ غیر ملکی مندوبین، سفارتکاروں، ہائی کمشنروں اور وفاقی اور صوبائی وزراء اور ارکان پارلیمان کے علاوہ عوام کی بڑی تعداداس موقع پر موجود تھی۔

صدر مملکت ممنون حسین نے اہل وطن کو 76ویں یوم پاکستان پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 23مارچ ہماری نظریاتی پہنچان آج کے دن مسلح افواج نے بھرپور طریقے سے پریڈ اور فضائی مظاہرے کر کے ثابت کر دیا ہے کہ مسلح افواج دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں، بانیان پاکستان نے 23مارچ کو ایک قراداد پیش کی اوپاکستان کا قیام عمل میں آیا اور آج اقوام عالم پاکستان کی حیثیت کو تسلیم کر رہا ہے، دشمن یہ سمجھ رہا تھا کہ پاکستان ایک نوزائید ہ ملک ہے جو زیادہ دیر تک نہیں چل سکے گا، حقیقت اس کے برعکس نکلی، آج پاکستان ایک مسلمہ ایٹمی قوت اور روائتی دفاع میں خود انحصاری کی منازل طے کر رہا ہے ‘پاکستان خطے میں دفاعی توازن کے عزم کا اعادہ کرتا ہے، عالمی امن و سلامتی کیلئے پاکستان تاریخی کردار ادا کر رہا ہے لیکن یہاں پریہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اسلحہ اور جری سازو سامان اپنی دفاع اور سلامتی کیلئے ہے، پاکستان ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہوا ہے اور نہ ہی شامل ہوگا، یہ بتانا ضروری ہے کہ وطن کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، اس مقصد کیلئے مسلح افواج کو جدید اسلحہ سے لیس کرنا اور جری ساز و سامان کی ضرورت پوری کر کے دفاع کو مضبوط بنارہے ہیں ‘تاریخ گواہ ہے کہ دشمن نے جب بھی جارحیت کی اسے پاکستان نے دندان شکن جواب دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف وزیر ستان میں پاک فوج کا آپریشن حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، بدامنی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پاک فوج کا آپریشن جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ آج ہمیں جو مسائل درپیش ہیں ان کی وجہ معاشرے میں ناانصافی، اقربا پروری ہے، ان معاشرتی بیماریوں کے سدباب کے لیے جہالت کے خاتمے ‘تعلیم کے فروغ ‘تحقیق اور انصاف کی فراہمی کے ایجنڈے پر کام کیا جارہا ہے تا کہ نئی نسل کو جدید تقاضوں پر پورا اترنے کے لیے تیار کیا جاسکے اور ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے اور وطن کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لیے موجودہ حکومت سنجیدہ کوششیں کررہی ہے ۔

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستانی قوم امن پسند قوم ہے اور دنیا میں امن کے لیے اہم کردار ادا کررہی ہے ‘اقوام متحدہ ‘گانگو ‘سومالیہ ‘بوسنیا اور دیگر مملک میں قیام امن کے لیے شاندار کردار پر دنیاپاکستان کے کردارکا اعتراف پوری دنیا کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان انسانیت کو دہشت گردی کی جنگ اور عفریت سے نکالنے کے لیے کردارجاری رکھے گی ‘اس ضمن میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ امن پسند ملک ہونے کے ناطے پاکستان دنیا کے تمام ممالک ‘ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات کا خواہشمند ہے ‘لیکن ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ‘ جذبہ ایمانی سے سرشار مسلح افواج دفاع وطن کا فریضہ اداکرنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر اٹھنے والی ہر میلی آنکھ دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک زمہ دار ملک ہے اور اپنے وسائل ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے استعمال کرتا ہے ‘ایٹمی صلاحیت کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جائے ‘بلاجواز تنقید نہیں ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں ‘ اس ضمن میں پاکستان کشمیر کی سیاسی ‘اخلاقی‘ سفارتی حمایت جاری رکھے گا ۔صدر مملک ممنو ن حسین نے شاندار پریڈ پر مسلح افواج کو مبارکباد پیش کر تے ہوئے کہا کہ پریڈ کا معیار ‘جوانوں کی تربیت اور ذہنی ہم آہنگی اور نظم و ضبط قابل تحسین ہے ‘ہماری مسلح افواج پاکستان کی سلامتی، استحکام اور بقاء کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی ۔