دہشت گردی کیخلاف آرمی چیف کی کوششوں کو سراہتے ہیں،سید قائم علی شاہ

بدھ 23 مارچ 2016 13:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ سند ھ سید قائم علی شاہ نے پوری قوم کو 76ویں یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک تمام مذاہب کے ماننے والوں کا ہے۔ مزار قائد پر پرچم کشائی کی تقریب کے بعد میڈ یا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف آرمی چیف کی کوششوں کو سراہتے ہیں،قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں،قانون نافذ کرنے والے اداروں اور رینجرز کی کاوشوں سے ملک میں امن قائم ہوا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ افسران کے تقرر اور تبادلے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں،حکومت کو پتہ ہے کہ کس افسر کو کہاں تعینات کرنا ہے،غلط افسر تعینات کر دیا تو لوگ حکومت کو ہی برا بھلا کہیں گے تاہم حکومت انسانی حقوق اور غریبوں کی زندگیاں بہتر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن تاریخی ہے ، گزشتہ سال اور اس سال کے 23 مارچ میں بہت فرق ہے اور کراچی میں امن و امان کی صورت حال اور حالات اس سال بہتر ہوئے ہیں۔ ان کامزید کہنا تھا کہ امن و امان کے باعث ملک میں بڑے پراجیکٹس پر کام جاری ہے،صوبائی حکومت کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :