برسلزحملوں کے بعد ٹرمپ مسلمانوں کے خلاف پھر زہر اگلنے لگے

مسلمانوں اور انکے امریکا آنے پر تحفظات ہیں، امریکا ورلڈ ٹریڈ سینٹرز یا پینٹاگان پرطیاروں کے حملے جیسے واقعات برداشت نہیں کرے گا، ڈونلڈ ٹرمپ

بدھ 23 مارچ 2016 13:41

برسلزحملوں کے بعد ٹرمپ مسلمانوں کے خلاف پھر زہر اگلنے لگے

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 مارچ۔2016ء) امریکا میں صدارتی امیدوار کے ری پبلکن خواہشمند ڈونلڈ ٹرمپ پھر زہر اگلنے لگے، ان کا کہنا ہے کہ انہیں مسلمانوں اور انکے امریکا آنے پر تحفظات ہیں۔ ری پبلکن رہنما ٹیڈ کروزنے بھی مسلم آبادی والے علاقوں کی پیٹرولنگ کامطالبہ کردیا۔ جبکہ ڈیموکریٹ امیدوار ہلیری کلنٹن اور برنی سینڈرز نے ٹیڈ کروز کے بیان کی مذمت کی ہے۔

امریکا میں صدارتی امیدوار کے ری پبلکن خواہشمند ڈونلڈ ٹرمپ ایک دفعہ پھر مسلمانوں کے خلاف زہر اگلنے لگے،برسلزحملوں پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا مزید ورلڈ ٹریڈ سینٹرز جیسے مقامات یا پینٹاگان پرطیاروں کے حملے جیسے واقعات برداشت نہیں کرے گا۔امریکی انتظامیہ کو بہت محتاط ہوکردیکھنا ہوگاکہ کون امریکا آرہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید آگے بڑھ کر یہ بھی کہا کہ امریکی حکومت کو مساجد پر نظر رکھنی اور انکی نگرانی کرنی ہوگی۔

ری پبلکن رہنما ٹیڈ کروز بھی ٹرمپ کے رنگ میں رنگ گئے ہیں اور لگے ہاتھوں انہوں نے بھی مسلم آبادی کے حامل علاقوں کی پیٹرولنگ اور انہیں محفوظ بنانے کا مطالبہ کردیا ہے۔دوسری جانب صدارتی امیدواربننیکی ڈیموکریٹ خواہشمند ہلیری کلنٹن اور برنی سینڈرز نے ری پبلکن رہنماوں کے بیانات پر کڑی تنقید کی ہے۔ ہلیری کلنٹن کا کہنا ہے کہ یہ امریکی مسلمانوں کا بھی ملک ہے۔ برنی سینڈر نے کہا کہ کسی بھی مذہبی گروہ کو تنہا کیا جانا غیرآئینی اورغلط ہے۔

متعلقہ عنوان :