فیصل آباد ،دو تشدد زدہ نعشیں بر آ مد

ایک لاش سرکٹی جبکہ دوسرے کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو آگ لگائی گئی

بدھ 23 مارچ 2016 13:33

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 مارچ۔2016ء) فیصل آباد کے نواحی علاقہ 204 ر ب کے قریب دو تشدد زدہ نعشیں ملی ہیں جن میں ایک لاش سرکٹی اور ایک شخص کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو آگ لگائی گئی ۔ اطلاع ملنے پر پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔

(جاری ہے)

پولیس نے دونوں لاشوں کو قبضہ میں لے لیا ہے سرکٹی نعش کی شناخت امین نامی شخص کی ہوئی ہے آن لائن کے مطابق تھانہ صدر کے علاقہ 204 رب کے قریب راہ چلتے لوگوں نے اچانک دو نعشوں کو دیکھا جن میں سے ایک کو قتل کر کے آگ لگا کر جلایا گیا تھا جس کا چہرہ اور جسم نہ صرف بری طرح جھلس چکا ہے اور اس کی شناخت بھی ناممکن ہے جبکہ دوسرے شخص کو تشدد کرنے کے بعد اس کا سر کاٹ کر جسم سے الگ پھینکا ہوا تھا چنانچہ دیہاتیوں نے اس واقعہ کی پولیس کو اطلاع دی پولیس ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ ان دونوں افراد کو تین سے چار روز قبل قتل کیا گیاہے اور یہ واقعہ دشمنی کا شاخسانہ ہو سکتا ہے جبکہ ایک اطلاع کے مطابق یہ واقعہ دہشت گردی کا بھی ہو سکتا ہے ۔

اس واقعہ کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے جبکہ سرکٹی نعش امین کے ورثاء کا کہنا تھا کہ اس کی کسی کے ساتھ دشمنی نہ تھی اور نہ ہی معلوم ہے کہ اسے کس نے قتل کیا ہے ۔ صدر پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے ۔

متعلقہ عنوان :