ٹنڈومحمد خان میں زہریلی شراب پینے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 40 ہوگئی

بدھ 23 مارچ 2016 13:19

ٹنڈومحمدخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مارچ۔2016ء) ٹنڈومحمدخان میں زہریلی شراب پینے سے چالیس افرادہلاک ہوگئے، ہولی سے قبل پیاروں کی لاشیں اٹھنے پرکہرام مچ گیا، مرنیوالوں میں چارخواتین بھی شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق ٹنڈومحمد خان کے اسپتال میں ایک کے بعد ایک موت ہورہی تھی، ڈاکٹروں کی کوششیں بھی ناکام رہیں، خواتین سمیت متعدد افراد کیمیکل والی زہریلی شراب کی بھینٹ چڑھتے چلے گئے۔

(جاری ہے)

ہولی سے دوروز قبل سومرہ محلہ اورکریم آباد محلے میں لاشیں پہنچیں تو کہرام مچ گیا، مرنیوالوں میں سے بیشتر کاتعلق ہندوبرادری سے تھا۔علاقہ مکینوں کے مطابق کیمیکل شراب بیچنے والے کوسیاسی سرپرستی حاصل ہے، پولیس بھی بھتہ وصول کرتی ہیواقعہ کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد احتجاج کیلئے سڑکوں پرنکل آئی۔آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے واقعے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او کو معطل کردیا ہے، پولیس نے علاقے میں شراب فروشوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے دو ملزمان گرفتارکرلیے ہیں جبکہ مرکزی ملزم تا حال ہاتھ نہیں لگا ہے۔