صارفین کے حقوق کے تحفظ کیلئے کنزیومر کونسل، پنجاب کنزیومر پروٹیکشن ایڈمنسٹریشن اور سول سوسائٹی مل کر اپنا کردار اداکرے‘ ملک اقبال چنٹر

بدھ 23 مارچ 2016 13:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیر کوآپریٹو ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لئے کنزیومر کونسل، پنجاب کنزیومر پروٹیکشن ایڈمنسٹریشن اور سول سوسائٹی مل کر اپنا کردار اداکرے،اس سلسلے میں حکومت تمام اضلاع میں صارف عدالتیں اور کونسلز بنانے پر غور کر رہی ہے۔اپنی رہائش گاہ پرآئے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب نے عوام کو روز مرہ کی اشیائے ضروریہ معیاری طو رپر فراہم کرنے کے لئے متعدد ا قدامات ا ٹھائے ہیں جن میں صارف عدالتوں و کونسلز کا قیام ، حرام جانوروں کی چربی سے گھی کی تیاری پر پابندی ، سہولت بازاروں کا انعقاد ، بیمار جانوروں کے گوشت کا خاتمہ ، کھلے اور غیر معیاری گھی کی فروخت پر پابندی، پولٹری اور مٹن کی کم قیمتوں پر معیاری سپلائی ،صوبے بھر کے پٹرول پمپوں کی چیکنگ اور عوام کو معیاری کھانے پینے کی اشیاء فراہم کرنے کے لئے پنجاب فوڈ ا تھارٹی کا قیام شامل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کے خصوصی اقدامات کے تحت کابینہ کمیٹی قائم کی گئی ہے جن کی سفا رشات کی روشنی میں گھی کی قیمتی کم کی گئی اور روز مرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول اور پورے وزن کو یقینی بنایا جا رہاہے۔انہوں نے کہاکہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کیلئے پورے معاشرے کو اپنا محاسبہ کرنا ہوگا اور اپنے حق کے لئے آواز اٹھانی ہوگی،انہوں نے کہاکہ پاکستا ن میں صارفین کے حقوق کے تحفظ سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوگا اور عالمی منڈیو ں میں پاکستان کی مصنوعات کی کھپت کے لئے ماحول ساز گار ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب صارفین کی بہتری اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے دن رات کوشاں ہے جس کی وجہ سے صارفین کو وزن کے مطابق سستے داموں اشیائے ضروریہ کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :