ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں یوم پاکستان کی تقریبات کا انعقاد

بدھ 23 مارچ 2016 12:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مارچ۔2016ء) ملک بھر کی طرح بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی یوم پاکستان قومی جذبے اور جوش و خروش سے منایا گیا ‘دن کا آغازمساجد اور گھروں میں نماز فجر میں ملک کی سلامتی و خوشحالی کی دعاؤں سے ہوا۔نماز فجر کے بعد کوئٹہ کینٹ میں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔ دن کی مناسبت سے کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

کوئٹہ کے گورنر ہاؤس میں تقسیم اعزازات کی تقریب کا انعقاد کیاگیا جہاں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے صدر مملکت کی جانب سے نمایاں کارکردگی کی حامل شخصیات میں اعزازات تقسیم کئے۔ دوسری جانب یوم پاکستان کے حوالے سے ایک اہم تقریب فرنٹئیر کور کے زیراہتمام زیارت شہر میں قائداعظم ریذیڈنسی میں منعقد کی گئی جس میں وزیراعلی نواب ثناء اللہ زہری شرکت کی ۔یوم پاکستان کے حوالے سے کوئٹہ کے عسکری پارک میں یوم پاکستان میلہ اور ایوب اسٹیڈیم میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیاگیا ۔