ملک بھر میں 76واں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا گیا‘ وفاقی دارالحکومت میں 31 چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ،21 توپوں کی سلامی ‘ دن کا آغاز نماز فجر میں ملکی سلامتی و ترقی کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوا

بدھ 23 مارچ 2016 12:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مارچ۔2016ء) ملک بھر میں 76واں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا گیا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ،21 توپوں کی سلامی دی گئی‘ نماز فجر میں ملکی سلامتی و ترقی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، یوم پاکستان کے موقع پریڈ گراؤنڈ شکر پڑیاں میں روایتی پریڈ کی مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا، پریڈ میں صدر،وزیراعظم،چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان‘ سپیکر قومی اسمبلی‘ چیئرمین سینٹ ‘ وفاقی وزراء ‘ اراکین پارلیمنٹ ‘ غیر ملکی مندوبین سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی،پریڈ کے دوران فضاء نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی،پریڈ میں الخالد ٹینک، الضرار ٹینک ‘ ریڈار، نصر میزائل اور زمین سے زمین تک مار کرنیوالے کروز میزائل کے دستوں نے سلامی دی،پاک فضائیہ کے ایف16، جے ایف17 تھنڈر، ٹی 37اور کے ایٹ طیاروں کا فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ ‘ آرمی ایوی ایشن کے کوبرا‘ پوما اور ایم آئی17 ہیلی کاپٹروں نے بھی فلائی پاسٹ سے فضا میں رنگ بکھیرے‘ براق اور غزنوی میزائل سسٹم نے بھی پریڈ میں پاک فوج کی دفاعی صلاحیتوں کا لوہا منوایا‘ ایئرچیف مارشل سہیل امان نے فلائی پاسٹ کی قیادت کرتے ہوئے صدر مملکت کو ایف سولہ طیارے سے سلامی دی‘ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا،بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ثقافتی فلوٹس نے پریڈ میں حصہ لیا جبکہ ان پر موجود فنکاروں نے روایتی رقص کا مظاہرہ کیا ، ایس ایس جی کمانڈوز کے دستے نے فری فال جمپنگ کا مظاہرہ کرکے خوب داد سمیٹی‘ چاروں صوبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے مختلف سکولز کے بچوں نے رنگ برنگے ثقافتی لباس زیب تن کئے ملی نغمے پیش کئے‘ پریڈ کے بعد صدر ممنون حسین‘ وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف بچوں میں گھل مل گئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بدھ کو 23مارچ یوم پاکستان کو ملی جوش و خروش سے منایا گیا۔ ملک بھر میں یوم پاکستان کی مناسبت سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21توپوں کی سلامی دی گئی۔ نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک کی سلامتی اور ترقی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ وفاقی دارالحکومت میں شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی پریڈ میں صدرمملکت ممنون حسین،وزیراعظم نواز شریف، چیئرمین سینٹ رضا ربانی‘ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق‘ وفاقی وزراء ‘ اراکین پارلیمنٹ‘ چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، غیر ملکی مندوبین سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

صدر مملکت ممنون حسین روایتی بگھی میں بیٹھ کر پریڈ گراؤنڈ پہنچے تو وزیراعظم نواز شریف نے آگے بڑھ کر ان کا استقبال کیا جس کے بعد قومی ترانے سے پریڈ کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ صدر ممنون حسین نے مسلح افواج کی پریڈ کا معائنہ کیا پریڈ کے دوران فضاء نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔ پریڈ کے دوران گرلز گائیڈ کے دستے نے سلامی دی جو پہلی مرتبہ پریڈ میں شرکت کررہی تھیں جس کے بعد ٹرائی سروسز بینڈ کے دستے نے بھی صدر مملکت کو سلامی دی جس کے بعد باری باری صدر کے محافظ دستے اور سپیشل سروسز گرپ کے دستے نے بھی سلامی پیش کی۔

مسلح افواج کی پریڈ کے موقع پر تینوں مسلح افواج کے دستوں ‘ پاک فضائیہ کے طیاروں‘ آرمی کے ٹینکوں ‘ شیر دل فارمیشن‘ جے ایف 17تھنڈر‘ ایف 16 طیاروں نے اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ الخالد اور الضرار ٹینک کے دستوں نے بھی صدر کو سلامی دی۔ اس موقع پر مسلح افواج میں شامل خواتین کے خصوصی دستوں نے مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ پریڈ کے دوران جب جے ایف 17تھنڈر طیارے نے اڑان بھری تو اسلام آباد کی فضا طیارے کی گھن گرج سے گونج اٹھی۔

جے ایف 17تھنڈر طیارے نے فضا میں شاندار کرتب دکھا کر عوام کے خون کو گرما دیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان کی قیادت میں فضائیہ کے جنگی طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کیا ۔ بعد ازاں آرمی ایوی ایشن کے کوبرا اور ایم آئی 17ہیلی کاپٹروں نے بھی شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔جنرل آفیسر کمانڈنگ سپیشل سروسز گروپ میجر جنرل طاہر مسعود بھٹہ کی قیادت میں ایس ایس جی کمانڈوز کے دستے نے فری فال جمپنگ کا شاندار مظاہرہ کرکے حاضرین سے خوب داد حاصل کی۔

پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا،بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ثقافتی فلوٹس نے پریڈ میں حصہ لیا جبکہ ان پر موجود فنکاروں نے روایتی رقص کا مظاہرہ کیا۔ پریڈ کے اختتام پر مختلف سکولز کے بچوں نے رنگ برنگے ثقافتی لباس زیب تن کئے ملی نغمے پیش کئے اس دوران صدر ممنون حسین‘ وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف ملی نغمے گانے والے بچوں میں گھل مل گئے۔

متعلقہ عنوان :