پیمرا نے ڈیجیٹل کیبل ٹی وی سیٹ ٹاپ باکس کیلئے کم از کم تکنیکی معیار اور تصریحات کا تعین کر دیا

منگل 22 مارچ 2016 22:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 مارچ۔2016ء ) پیمرانے کیبل ٹی وی نیٹ ورکس کی ڈیجیٹلائزیشن کی حتمی تاریخ 30 ستمبر 2016؁ء کے حصول اور صارفین کے حقوق اورانکے بہتر تحفظ اورسہولیات کی غرض سے کیبل ٹی وی سیٹ ٹاپ باکس کے لیے درکار کم ازکم تکنیکی معیارات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ڈیجیٹل کیبل ٹی وی سیٹ ٹاپ باکسز کے لیے تینیکی تصریحات کا تعین بین الاقوامی معیار اور صارفین کے قانونی حقوق بشمول سروس کے معیار، آلات کا بلا تعطل استعمال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

تصریحات میں اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ ڈیجیٹل کیبل ٹی وی کے آلات اتھارٹی کے متعین کردہ کم از کم تکنیکی تصریحات سے ہم آہنگ ہوں۔ پیمرا کی مجوزہ تصریحات کے مطابق تمام کیبل آپریٹرز اور آلات فراہم یا تیار کرنے والی کمپنیوں پر لازم ہو گا کہ انکے آلات / سیٹ ٹاپ باکسز مناسب سمعی/ بصری ڈیکوڈنگ ضروریات، آلات کی مسابقت، الیکٹرانک پروگرام گائیڈ اور لاجیکل چینل نمبرنگ سے مزین ہوں۔

(جاری ہے)

ان مجوزہ تکنیکی معیارات /تصریحات کو اتھارٹی کے آئندہ اجلاس مورخہ 30 مارچ 2016؁ء کو منظوری کے بعد پیمرا ویب سائٹ (www.pemra.gov.pk) پر تمام سٹیک ہولڈرز بشمول صارفین اور عوام الناس کے آسانی سے حصول کیلئے اپ لوڈ کر دیا جائیگا۔مزید براں ، پیمرا ملک بھر کے تمام کیبل آپریٹرزکو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کیلئے بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے تاکہ کیبل ٹی وی ڈیجیٹلائزیشن کی 30 ستمبر 2016؁ء کی حتمی تاریخ کا حصول ممکن ہو سکے۔

پیمرا وفاقی حکومت ، صوبائی حکومتوں اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے ڈیجیٹلائزیشن کرنے والے کیبل آپریٹرز کو محصولات اور ٹیکسوں کی مد میں ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کیلئے بھی کوشاں ہے۔ اس ضمن میں چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے گزشتہ ہفتے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں بھی ان امور پر نظر ثانی کی درخواست کی تھی جس کے نتیجے میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کیبل آپریٹرز پر عائد سروسز ٹیکس کو مؤخر کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی اسی سلسلے میں چیئرمین پیمرا کی وفاقی وزیر خزانہ سے بھی رواں ماہ ملاقات متوقع ہے۔

متعلقہ عنوان :