1940میں منظور ہونیوالی قرارداد پاکستان نے ہماری تاریخ کا رُخ بدل ڈالا، ملک کودہشتگردی اور شدت پسندی کی شکل میں بے مثال خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے ، ہم نے ان خطرات کو شکست دینے کا پختہ عزم کررکھا ہے ، اپنی سرزمین سے جلد دہشتگردی اور شدت پسندی کا مکمل خاتمہ کردینگے،وزیر اعظم محمدنواز شریف کایوم پاکستان کے موقع پر پیغام

منگل 22 مارچ 2016 21:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 مارچ۔2016ء) وزیر اعظم محمدنواز شریف نے کہاہے کہ23 مارچ1940ء کو منظور کی جانیوالی قرارداد پاکستان نے ہماری تاریخ کا رُخ بدل ڈالا، ملک کودہشتگردی اور شدت پسندی کی شکل میں بے مثال خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے ، ہم نے ان خطرات کو شکست دینے کا پختہ عزم کررکھا ہے اورہم اپنی سرزمین وطن سے جلد ہی دہشتگردی اور شدت پسندی کا مکمل خاتمہ کردینگے ، یوم پاکستان کے موقع پر ہم آزادی ،برابری اور پاکستان میں ہر شہری کیلئے اسلامی تعلیمات کے مطابق سماجی انصاف کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

یوم پاکستان پراپنے پیغا م میں وزیراعظم نے کہاکہ پاکستانی قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی پر جوش قیادت کے تحت 23مارچ1940ء کو منظور کی جانیوالی قرارداد پاکستان کی 76ویں سالگرہ منار ہی ہے اس قرارداد نے ہماری تاریخ کا رُخ ہی بدل ڈالا ۔

(جاری ہے)

شدید ترین مشکلات اور بھرپور مخالفت کے باوجود آزاد ملک پاکستان کی شکل میں اس خواب کو تعبیر مل گئی ۔اس وقت ایسی ریاست کیلئے جدو جہد کی گئی جہاں پر ہم اپنے مذہبی عقائد اور ثقافتی اقدار کے مطابق زندگی گزار سکیں ۔

آج ہم نے اپنی نسلوں کے مستقبل کیلئے ملک کے تحفظ اور حفاظت کا عزم کررکھا ہے ۔اس قرارداد نے قوم کو قوت اورجِلا بخشی۔ آزادی کی خاطر لاکھوں افراد نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور جلد ہی پاکستان حقیقت کا روپ دھار گیا۔آج ہمیں دہشتگردی اور شدت پسندی کی شکل میں بے مثال خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے تاہم، ہم نے ان خطرات کو شکست دینے کا پختہ عزم کررکھا ہے اورہم اپنی سرزمین وطن سے جلد ہی دہشتگردی اور شدت پسندی کا مکمل خاتمہ کردینگے۔

اس موقع پر ہم آزادی ،برابری اور پاکستان میں ہر شہری کیلئے اسلامی تعلیمات کے مطابق سماجی انصاف کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ۔ہماری حکومت نے پاکستان میں رہنے والی اقلیتوں کے تحفظ اور خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے تاریخی اقدامات شروع کیے ہیں اور ہماری تمام تر کوششوں کا مقصد معاشرے کے پِسے اور پسماندہ طبقات کو مرکزی دھارے میں لانا ہے کیونکہ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ پاکستان کا ہر شہری ہمارے لیے برابر ہے ۔

آئیں ہم پاکستان کو ہر پاکستانی شہری کیلئے مساوی مواقع فراہم کرنیوالا ملک بنانے کا عزم کریں جہاں ہر مردو عورت ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اجتماعی طور پر کام کرے۔پاکستان کا تصور ایک ایسی ریاست کیلئے تھا کہ جہاں پرلوگ بلا خوف و خطر اپنے مذہب پر آزادانہ طور پر عمل کرسکیں ۔میں پر امید ہوں کہ کثرتیت ،برابری اور انصاف پر مبنی ہماری اجتماعی کوششیں پاکستان کو ایک ایسی ریاست بنادینگی جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے دیکھا تھا ۔اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں قائد اعظم ؒ اور تحریک پاکستان کے عظیم راہنماؤں کی اس عظیم میراث کا حقیقی وارث ثابت ہونے میں ہماری مدد فرمائے ۔

متعلقہ عنوان :