دہشت گرد سب کے مشترکہ دشمن ہیں، ان کے خلاف سب کو مل کر کام کرنا ہے، ترک عوام دہشت گردی کوختم کر دیں گے،دہشت گردی کا خاتمہ مرضی سے نہیں عالمی ذمہ داری کے تحت کرنا ہے

وزیراعظم نواز شریف کی ترکی کے وزیر معیشت مصطفی علی تاس سے ملاقات میں بات چیت

منگل 22 مارچ 2016 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 مارچ۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے حالیہ دنوں میں ترکی میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد سب کے مشترکہ دشمن ہیں، ان کے خلاف سب کو مل کر کام کرنا ہے، کوئی شک نہیں کہ برادر ترک عوام دہشت گردی کو بالاآخر ختم کر دیں گے۔ دہشت گردی کا خاتمہ مرضی سے نہیں عالمی ذمہ داری کے تحت کرنا ہے۔

وہ منگل کو ترکی کے وزیر معیشت مصطفی علی تاس سے ملاقات میں بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر ترک سفیر صدیق بابر اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نواز شریف نے مصطفی علیتاس کو وزارت کی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے ترکی میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام دکھ کی اس گھڑی میں ترقی کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشت گرد سب کے دشمن ہیں، ان کے خلاف سب کو مل کر کام کرنا ہے، دہشت گردی کا خاتمہ مرضی سے نہیں عالمی ذمہ داری کے تحت کرنا ہے، کوئی شک نہیں کہ برادر ترک عوام دہشت گردی کو بالآخر ختم کر دیں گے، دہشت گردی کے خلاف ترک عوام کا عزم اور حوصلہ ناقابل شکست ہے، پاکستان کو انسداد دہشت گردی کیلئے ترقی کا فراہم کر دہ تعاون قابل تعریف ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات و تعاون بڑھانے میں دونوں ممالک کی قیادت نے اہم کردار ادا کیا ہے۔وزیراعظم نواز شریف نے تجارتی روابط کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کے ساتھ آزاد تجارت کا معاہدہ طے پانے والا ہے، وزارت تجارت کو معاہدے کا مذاکراتی عمل ستمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے، توانائی اور بنیادی ڈھانچہ کے منصوبوں میں ترک کمپنیوں کی شمولیت قابل قدر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں توانائی، ٹرانسپورٹ، سستے گھروں اور صنعتوں میں ترک تعاون قابل صدر ہے، ملاقات میں ترک وزیر نے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک ترک اقتصادی تعلقات کو مضبوط تجارتی روابط میں بدلا جا سکتا ہے، پاکستان کی اقتصادیات اور عوامی ترقی کیلئے وزیراعظم نواز شریف نے قابل قدر کام کیا ہے۔