یوم پاکستان ہمیں اقبال کے خواب اور قائد کی جہد مسلسل اور انتھک محنت اور مسلمانان برصغیر کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ،سردار ایاز صادق

منگل 22 مارچ 2016 21:04

اسلام آباد، (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 مارچ۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ یوم پاکستان ہمیں علامہ اقبال کے خواب اور قائد اعظم محمد علی جناح کی جہد مسلسل اور انتھک محنت اور مسلمانان برصغیر کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ایک ایسے آزاد ریاست کے قیام کے لئے جدوجہد کی تھی جہاں وہ اپنے عقائد کے مطابق آزادی کے ساتھ پر امن اور باوقار زندگی بسر کر سکیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو کل 23مارچ کو ملک بھر میں منایا جا رہا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ قرار دادپاکستان نے ایک آزاد مسلم ریاست کے قیام کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لئے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے بے شمار قربانیوں پیش کیں۔

(جاری ہے)

سردار ایاز صادق نے کہا کہ یوم پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک کوششوں اور ہمارے اسلاف کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے منایا جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ موجودہ نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ قائد کے خواب کی تکمیل کرتے ہوئے پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں۔ آزادی کے مفہوم پر روشنی ڈالتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عظیم قومیں اپنے ماضی کو فراموش نہیں کرتیں اور یہ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنے اسلاف کے اعلیٰ اوصاف سے رہنمائی لیتے ہوئے ملک کو درپیش حالیہ چیلنجز کا مقابلہ جرات اور بہادری سے کریں اور اپنے قوم کی معاشی و سماجی ترقی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ یہ ہماری انفرادی و اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اس ملک کے تابناک مستقبل کے لئے تمام وسائل اور توانائیاں بروئے کار لاتے ہوئے اس کو اقوام عالم میں اعلیٰ مقام دلائیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جمہوریت، ر واداری اور برداشت کے سنہری اصولوں کے ذریعے ایک پر امن اور منظم معاشرہ تشکیل پاتا ہے جہاں خواتین اور اقلیتوں سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو مساوی حقوق حاصل ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے ایک ایسی جمہوری فلاحی ریاست کا خواب دیکھا تھا جہاں معاشرے کے تمام طبقات خصوصا اقلیتوں کو مکمل مذہبی و ثقافتی آزادی حاصل ہو اور وہ اپنے عقائد اور رسم و رواج کے مطابق زندگی بسر کر سکیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یہ دن اس ایفائے عہد کا دن ہے کہ ہم قائد اعظم کے سنہرے اصولوں اتحاد ، یقین اور تنظیم پر عمل پیرا ہوتے ہوئے قومی اتحاد ویک جہتی کا مظاہرہ کریں اور قرار داد پاکستان کے نتیجے میں حاصل ہونے والا ملک خداداد کو حقیقی معنوں میں قائد و اقبال کا پاکستان بنانے کے لئے مل کر قومی جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں۔۔میمونہ عارف