برسلز میں دھماکوں کے بعد برطانیہ میں اہم مقامات پر سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا‘وزیر اعظم ڈیویڈ کیمرون نے سکیورٹی اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے بنائی گئی خصوصی کمیٹی کوبرا کا اجلاس طلب کر لیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 22 مارچ 2016 20:40

برسلز میں دھماکوں کے بعد برطانیہ میں اہم مقامات پر سکیورٹی فورسز کے ..

لندن(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22مارچ۔2016ء) برسلز میں دھماکوں کے بعد برطانیہ میں بھی اہم مقامات پر سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔وزیر اعظم ڈیویڈ کیمرون نے دھماکوں کے بعد سکیورٹی اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے بنائی گئی خصوصی کمیٹی کوبرا کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔برطانیہ کے انسداد دہشت گردی سے متعلق اعلیٰ ترین سیکورٹی آفیسر کا کہنا ہے سکیورٹی کو حفظ ماتقدم کے طور پر انتہائی چوکس کر دیا گیا ہے۔

برطانوی دفتر خارجہ نے برسلز میں موجود برطانوی شہریوں کے لیے جاری ہونے والی ہدایت میں کہا گیا ہے کہ وہ ہجوم سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ایک ٹیلی فون نمبر 020 7008 0000.پر مطلع کرنے کو کہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

برسلز میں گرینج کے وقت کے مطابق یہ دھماکے صبح سات بجے ہوئے۔بیلجیئم کے پراسیکیوٹر نے کہا ہے کہ ایئر پورٹ پر ہونے والا دھماکہ ’غالباً خود کش تھا۔

لندن کے ہیتھرو اور گیٹوک ہوائی اڈوں پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور برسلز اور لندن کے درمیان پروازیں بھی معطل ہو گئی ہیں۔ برسلز کے ہوائی اڈے سے جاری ہونے والے ایک اعلان میں کہا گیا ہےکہ تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں اور مسافروں کو اپنی معتلقہ فضائی کمپنیوں سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون جنھوں نے کوبرا کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’میں شدید صدمے اور تشویش میں مبتلا ہوں۔

ہم مدد کرنے کے لیے سب کچھ کرنے کو تیار ہیں۔پریس حملوں میں ملوث صلاح عبدالسلام کی گرفتاری کے چار دن بعد یہ دھماکے ہوئے ہیں۔برطانیہ میں انسداد دہشت گردی کے اعلی ترین آفیسر مارک رولی کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد میں کسی خاص اطلاع کی بنا پر نہیں کیا گیا بلکہ یہ عمومی احتیاط کے مد نظر کیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ لندن میں میٹرو پولیٹن پولیس نے اہم عوامی مقامات کی نگرانی بڑھا دی ہے اور ان جگہوں پر گشت کرنے والے اہلکاروں کی تعداد میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ان کے دل برسلز کے عوام اور خاص طور پر ان حملوں کا نشانہ بننے والوں کے ساتھ ہیں۔برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں بھی پولیس کو چوکس کر دیا گیا ہے۔برطانیہ میں اگست2014 سے سکیورٹی کا درجہ انتہائی بلند ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ کسی بھی وقت دہشت گردی کی کوئی واردات ہونے کا خطرہ موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :