23مارچ کا دن قیام پاکستان کیلئے کی جانیوالی کوششوں کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ‘عرفان قیصر شیخ

قائد اعظم اور علامہ اقبال کے اصولوں کے مطابق ملکی ترقی کیلئے نوجوان نسل کو ہنر مند بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے‘ چیئرپرسن ٹیوٹا

منگل 22 مارچ 2016 20:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 مارچ۔2016ء) چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا ہے کہ23مارچ کا دن قیام پاکستان کیلئے کی جانیوالی کوششوں کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ برصغیر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کے قیام کیلئے اس دن لاہور میں تاریخی قرارداد پاس کی گئی تھی،قائد اعظم اور علامہ اقبال کے اصولوں کے مطابق ملکی ترقی کیلئے نوجوان نسل کو ہنر مند بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، قومی معیشت کی ترقی اور صنعتی فروغ کیلئے تربیت یافتہ افرادی قوت اہم کردار ادا کر سکتی ہے، ٹیوٹا پنجاب پورے ملک میں پیشہ ورانہ تربیت کے وسیع پھیلاؤ اور مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ کے لئے تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم کرنے کیلئے سر فہرست ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ٹیوٹا ملکی وبین الاقوامی سطح پرماہر افرادی قوت کی فراہمی کے حوالے سے اپنے مینڈیٹ کو یقینی بنانے کیلئے کوالٹی ٹریننگ پر توجہ دے رہی ہے۔اس سلسلے میں ٹیوٹا نوجوان نسل کو ٹریننگ فراہم کرنے کیلئے مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں سے رابطہ کر رہی ہے۔

حکومت پنجاب بھی صوبہ بھر میں ووکیشنل ٹریننگ کے فروغ کیلئے خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ٹیوٹا صوبہ بھر میں سرمایہ کاروں کی بھرپور معاونت حاصل کر رہی ہے تاکہ نئی منصوبہ بندیوں کی کامیا بی اور مطلوبہ نتائج کو حاصل کیاجا سکے۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے کہا کہ نوجوان نسل ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ نئے کورسز کا آغاز اور موجودہ نصاب کو جدید تقاضوں کے مطابق بنانا ٹیوٹاکی ترجیحات میں شامل ہے۔جدید ٹریننگ نہ صرف نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کیلئے مدد فراہم کرے گی بلکہ بیرون ملک روزگار کے بھی مواقع فراہم کرے گی۔

متعلقہ عنوان :