قطرایئرویز کی دوحا جانے والی پرواز کے دوران باپ بیٹے نے عملے سے جھگڑنے کے بعد مشتعل ہوکر جہاز کی کھڑی کا شیشہ توڑ دیا

جہاز کی لینڈنگ کے بعد اے ایس ایف نے دونوں باپ بیٹے کو حراست میں لے لیا میرے والد نے ایئرہوسٹس سے سافٹ ڈرنگ کا مطالبہ کیا ٗ عملے کی جانب سے بدتمیزی کی گئی ٗبیٹے خالد کی گفتگو

منگل 22 مارچ 2016 19:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 مارچ۔2016ء) قطرایئرویز کی دوحا جانے والی پرواز کے دوران باپ بیٹے نے عملے سے جھگڑنے کے بعد مشتعل ہوکر جہاز کی کھڑی کا شیشہ توڑ دیا۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق اسلام آباد سے دوحا جانے والی قطرایئرویز کی پرواز کو ہنگامی طور پر اس وقت لاہورایئرپورٹ پر اتارا گیا جب باپ اور بیٹے نے جہاز کے عملے سے جھگڑنا شروع کردیا اور جھگڑا اس وقت ہاتھا پائی تک جاپہنچا جب مشتعل مسافر نے جہاز کی کھڑکی پر مکا مار کر شیشہ توڑ دیا جس کے بعد پائلٹ نے ہنگامی طور پر مسافر طیارے کو لاہور ایئرپورٹ پر اتارلیا ٗ جہاز کی لینڈنگ کے بعد اے ایس ایف نے دونوں باپ بیٹے کو حراست میں لے لیا۔

خرم نامی مسافر کے بیٹے خالد نے موقف اختیار کیا کہ ان کے والد نے ایئرہوسٹس سے سافٹ ڈرنگ کا مطالبہ کیا تاہم عملے کی جانب سے ان کے والد کے ساتھ بدتمیزی کی گئی جس پر وہ مشتعل ہوگئے جب کہ پائلٹ نے طیارے کو لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کراتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا کہ دونوں باپ بیٹے کے خلاف قانون کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔