پاک فوج کے سربراہ کا شمالی وزیرستان کادورہ ٗ جاری آپریشن کے اختتامی مرحلے کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار

قبائلیوں کی دوبارہ آبادکاری کا عمل مکمل ہونے تک فوج علاقہ میں موجود رہے گی ٗ قبائلی عمائدین سے ملاقات میں یقین دہانی آرمی چیف نے میران شاہ میں یونس خان سپورٹس کمپلیکس کا سنگ بنیاد بھی رکھا ٗ میران شاہ بازار کی تعمیر نو کے کام کا جائزہ لیا

منگل 22 مارچ 2016 19:42

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 مارچ۔2016ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ایک بارپھر واضح کیا ہے کہ ملک بھر سے انتہاء پسندی ، دہشتگردی اور دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھے جائیں گے ٗقبائلی علاقو ں میں عارضی بے گھر افراد کی مقررہ مدت کے اندر باوقار انداز میں واپسی یقینی بنانے کیلئے کام کی رفتار مزید تیز کی جائے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے منگل کو شمالی وزیرستان ایجنسی کا دورہ کیا اور آپریشن میں مصروف فوجیوں اور قبائلی عمائدین کے ساتھ دن گزارا ۔ آرمی چیف کو فارمیشن کمانڈر کی جانب سے جاری آپریشن ضرب عضب ٗ عارضی بے گھر افراد کی واپسی اور علاقہ میں فوج کی جانب سے شروع کئے گئے ترقیاتی اور بے گھر افراد کی دوبارہ آباد کاری کے کاموں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

جنرل راحیل شریف نے آپریشن کے آخری مرحلے میں 650مربع کلو میٹر کا علاقہ کلیئر کرانے پر سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے شوال میں جاری آپریشن کے اختتامی مرحلے کی پیشرفت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ۔ ان کامیابیوں کو سراہتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک بھر سے انتہاء پسندی ، دہشتگردی اور دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھے جائیں گے ۔

انہوں نے ملک کے شہری علاقوں میں دہشتگردوں کے سلیپرز سیلز کے خاتمے کیلئے انٹیلی جنس ایجنسیوں کے کردار کو خاص طور پر سراہا اس موقع پر فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کے حوصلے اور قربانی کے جذبے کو سراہا جس کا مظاہرہ ان کی جانب سے شوال آپریشن کے دوران سخت موسمی حالات اور مشکل ماحول میں کیا گیا۔ آرمی چیف کو اس موقع پر بحالی کے سلسلہ میں جاری کاموں اور علاقہ کی سماجی اقتصادی صورتحال پر اس کے اثرات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

جنرل راحیل شریف نے بحالی کے کاموں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عارضی بے گھر افراد کی مقررہ مدت کے اندر باوقار انداز میں واپسی یقینی بنانے کیلئے کام کی رفتار مزید تیز کی جائے ۔ پاک فوج کے سربراہ نے اس موقع پر قبائلی عمائدین اور حال ہی میں واپس آنیوالے عارضی بے گھر افراد سے بھی ملاقاتیں کیں اور انہیں یقین دلایا کہ ان کی دوبارہ آبادکاری کا عمل مکمل ہونے تک فوج علاقہ میں موجود رہے گی قبائلی عمائدین نے فوج کو کامیاب اپریشن پر بھر پور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ فوج کی مدد سے وہ ان دہشتگردوں کو علاقہ میں دوبارہ واپس نہیں آنے دینگے ۔

آرمی چیف نے اس موقع پرمیران شاہ میں نوجوانوں کیلئے یونس خان سپورٹس کمپلیکس کا سنگ بنیاد بھی رکھا ۔یہ کمپلیکس آرمی انجینئرز تعمیر کرینگے معروف کرکٹر یونس خان نے بھی اس موقع پر موجود تھے جن کے نام پر یہ کمپلیکس تعمیر کیا جارہا ہے ۔بعد ازاں آرمی چیف نے میران شاہ بازار کا دورہ کیا اور آرمی کے انجینئرز کو معیاری تعمیراتی کام کر نے پر سراہا ۔

میران شاہ بازار کو دہشتگرد لڑائی کے مرکز کے طورپر استعمال کرتے رہے تھے اور کلیئرنس آپریشن کے دور ان یہ تباہ ہوگیا تھا میران شاہ بازار کو آرمی کی طرف سے مکمل طورپر دوبارہ تعمیر کیا جارہاہے تاکہ وہاں دوبارہ معاشی سرگرمیاں شروع ہو سکیں ۔تعمیر مکمل ہونے پر دوکانیں اور مارکیٹیں متاثرہ مقامی قبائلیوں کے حوالے کی جائیں گی ۔قبل ازیں شمالی وزیرستان آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن نے آرمی چیف کا استقبال کیا ۔

متعلقہ عنوان :