برسلز میں تمام پاکستانی خیریت سے ہیں‘ دھماکوں میں کسی پاکستانی کے جاں بحق یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی

ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کی برسلز دھماکوں کی شدید مذمت ‘ قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

منگل 22 مارچ 2016 16:36

برسلز میں تمام پاکستانی خیریت سے ہیں‘ دھماکوں میں کسی پاکستانی کے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 مارچ۔2016ء) ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے بیلجیئم کے شہر برسلز میں ہونے والے 6دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ برسلز میں تمام پاکستانی خیریت سے ہیں‘ دھماکوں میں کسی پاکستانی کے جاں بحق یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ منگل کو ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے برسلز میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور ان دھماکوں کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں سے بھی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں بیلجیئم میں پاکستانی سفیر نغمانہ ہاشمی نے برسلز دھماکوں کے بارے میں ابتدائی رپورٹ دفتر خارجہ کو ارسال کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ بیلجیئم میں تمام پاکستانی خیریت سے ہیں۔ بیلجیئم میں پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ رہنماؤں سے رابطے کئے گئے ہیں۔ دھماکوں میں کسی پاکستانی کے جاں بحق یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ برسلز میں رہنے والے تمام پاکستانی پرامن شہری ہیں۔ واضح رہے کہ منگل کے روز برسلز میں ایئرپورٹ اور میٹرو سٹیشن سمیت مختلف علاقوں میں چھ دھماکوں کے نتیجے میں بیس سے زائد افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔

متعلقہ عنوان :