جہیز میں موٹر سائیکل نہ ملنے پر شوہر نے نوبیاہتا دلہن کو زندہ جلا ڈالا

منگل 22 مارچ 2016 12:26

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 مارچ۔2016ء) نوشہرہ ورکاں میں جہیز میں موٹر سائیکل کا مطالبہ پورا نہ کرنے پر نوجوان نے نوبیاہتا دلہن کو زندہ جلا ڈالا۔ مضروبہ چار دن تک لاہور کے جناح ہسپتال میں زیرعلاج رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔پولیس کے مطابق نوشہرہ ورکاں کے علاقے تتلے عالی میں نوبیاہتا دلہن کو جلانے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ۔

(جاری ہے)

شوہر عامر نے جہیز میں موٹرسائیکل نہ ملنے پر اپنی بیوی 22 سالہ مدیحہ کو مبینہ طور پر زندہ جلا ڈالا۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ مدیحہ کی دو ماہ قبل عامر سے شادی ہوئی تھی۔ عامر نے جہیز میں موٹر سائیکل کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر متعدد بار اسے تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ چار روز قبل درندہ صفت شوہر نے مبینہ طور پر تیل چھڑک کر بیوی کو آگ ہی لگا دی۔ متوفیہ مدیحہ کا والد شاہد رینجرز کا ملازم اور کراچی میں تعینات ہے۔ دوسری جانب پولیس نے خاتون کی لاش تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔