ٹنڈومحمدخان‘زہریلی شراب پینے سے ہلاکتوں کی تعداد 23 ہو گئی ‘ مزید 18کی حالت غیر

منگل 22 مارچ 2016 12:24

ٹنڈو محمد خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 مارچ۔2016ء)ٹنڈو محمد خان میں زہریلی شراب پینے سے 23افراد ہلاک جبکہ 18کی حالت غیر ہوگئی‘زہریلی شراب سے ہلاک اور متاثر بیشتر افراد کا تعلق ہندو برادری سے ہے‘آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لے لیا ‘رپورٹ طلب کر لی جبکہ متعلقہ ایس ایچ او معطل کر دیا گیا ہے ۔شراب پینے سے ہلاکتوں کا ایسا ہی واقعہ 1996ء میں حیدرآباد میں پیش آیا تھا‘54افراد ہلاک ہوئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق ٹنڈو محمد خان میں زہریلی شراب پینے سے 23افراد ہلاک جبکہ 18کی حالت غیر ہوگئی۔ متاثرہ افراد سول اسپتال حیدرآباد سمیت مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔متاثرہ افراد کو فوری طور پر ٹنڈو محمد خان اسپتال منتقل کیا گیا جہاں چار افراد دم توڑ گئے۔

(جاری ہے)

دیگر افراد کو سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا جہاں سات افراد چل بسے۔ ڈاکٹرز کے مطابق متعدد افراد کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

زہریلی شراب سے ہلاک اور متاثر ہونیوالے بیشتر افراد کا تعلق ہندو برادری سے بتایا جاتا ہے۔آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ متعلقہ ایس ایچ او کو معطل بھی کردیا گیا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق شراب پینے سے ہلاکتوں کا ایسا ہی واقعہ 1996ء میں حیدرآباد میں پیش آیا تھا,جس میں 54افراد ہلاک ہوگئے تھے۔