پاکستان کو سیکولر بنائے جانے کی سازشوں کا ہر سطح پر مقابلہ کیاجائے گا،متحدہ علماء محاذ

پیر 21 مارچ 2016 22:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیر اہتمام تحفظ مقاصد پاکستان سیمینار میں شریک مختلف مکاتب فکرکے علماء مشائخ و سیاسی زعماء نے کہاہے کہ مقاصد پاکستان سے انحراف کرنے والے حکمراں ملک و قوم کے بہی خواہ نہیں ہوسکتے۔ ستر سال بعد بھی ہم آج بھی اپنی پالیسیوں میں آزاد و خودمختار نہیں ہیں۔

سیکولر لبرل طبقہ دو قومی نظریئے ومقاصد پاکستان کے خلاف برسرپیکار ہے۔محب وطن قوتیں مذہبی و سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر مقاصد پاکستان کے تحفظ کے لئے متحد ہو جائیں۔ پاکستان کو دہشت گردی ‘ فرقہ واریت ‘ بدامنی و مہنگائی ‘ بے روزگاری سے پاک بنانے کیلئے علماء محراب و منبر سے شعور و بیداری پیدا کریں۔پاکستان کو سیکولر بنائے جانے کی سازشوں کا ہر سطح پر مقابلہ کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

قائد اعظم محمد علی جناح ‘علامہ محمد اقبال ‘ مفکر اسلام علامہ شبیراحمد عثمانی جیسے اکابرین کے افکار و مشن کی روشنی میں ملکی استحکام و خوشحالی کیلئے مل کر جدوجہد کریں گے۔مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں منعقدہ سیمینار کی صدارت مرکزی صدر علامہ مرزا یوسف حسین نے کی۔جس کے مہمانان خصوصی مولانا انتظارالحق تھانوی ‘علامہ عبداﷲ غازی‘ مولانا قاری اﷲ داد تھے۔

سیمینار سے جے یو آئی (ف) کے مولانا سلیم اﷲ ترکی‘ جے یو پی کے علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی‘جے یو آئی (س) کے حافظ احمد علی‘جماعت اسلامی کے برجیس احمد‘جامعہ بنوری ٹاؤن کے مولانا اسد الحق چترالی‘جامعہ دعوۃ الحق کے سربراہ مفتی محمد بخاری‘ممتاز دانشور اے اے فریدی‘ تنظیم اسلامی کے حافظ انوار حمیدی‘مرکزی جمعیت اہلحدیث کے علامہ مرتضیٰ خان رحمانی کے علاوہ خطیب اہل بیت علامہ علی کرارنقوی‘ علامہ شاہدین اشرفی‘علامہ سید سجاد شبیر رضوی‘علامہ ناظر عباس تقوی‘ علامہ عبداﷲ جوناگڑھی‘ علامہ غلام مصطفی رحمانی ودیگر نے مقاصد پاکستان کے تحفظ اور قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر ملکی امن و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :