وزیراعظم کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت ،حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی خصوصی طور پر ملاقاتیں

وزیر داخلہ چوہدری نثار کا وزیراعظم سے مصافحہ ،اہم معاملے پر بات چیت ، ایم کیو ایم کے سینیٹر میاں عتیق وزیراعظم سے نتھی،فوٹو گرافروں کو اشارے کر کے تصاویر بنوائیں

پیر 21 مارچ 2016 22:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 مارچ۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے موقع پر حکومت اور اپوزیشن ارکان نے وزیراعظم سے خصوصی طور پر ملاقاتیں کیں، نماز مغرب کے وقفے کے دوران جب وزیراعظم ایوان سے باہر جانے لگے تو وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے پاس آ کر ان سے ہاتھ ملایا اور ایک اہم معاملے پر کچھ دیر بات چیت کی، جس کے بعد ایم کیو ایم کے سینیٹر میاں عتیق وزیراعظم کے ساتھ نتھی ہو گئے اور فوٹو گرافروں کو اشارے کر کے تصاویر بنواتے رہے، انہوں نے وزیراعظم سے کسی معاملے پر بات کرنے کی بہت کوشش کی تاہم وزیراعظم نے ان کی باتوں پر کوئی توجہ نہیں دی۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم میر ظفر اﷲ خان جمالی کی بھی چوہدری نثار علی خان سے ملاقات ہوئی، اور سابق وزیراعظم نے اہم امور پر وزیر داخلہ سے بات چیت بھی کی۔ قبل ازیں وزیراعظم جب قومی اسمبلی میں پہنچے تو وفاقی وزراء ، سینیٹرز ، اوراراکین اسمبلی نے ان کا ڈیسک بجاکر زبردست استقبال کیا ۔ وزیراعظم نے آتے اور جاتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے ہاتھ نہ ملایا ۔جاتے ہوئے وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو بھی بعض ہدایات دیں ۔