شاہدپاشا کی گرفتاری سے صاف ظاہرہے کراچی آپریشن صرف ایم کیوایم کیخلاف کیاجارہاہے ،ندیم نصرت

پیر 21 مارچ 2016 21:52

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے کنوینرندیم نصرت نے رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر شاہدپاشاکی گرفتاری کی شدیدمذمت کی ہے۔اپنے بیان میں ندیم نصرت نے کہاکہ شاہدپاشا کو رینجرزنے کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے بلاک 18میں واقع بلیسنگ ہائٹس میں ان کے فلیٹ پرچھاپہ مارکرگرفتارکیا۔

رینجرز کے اہلکاروں نے بغیروارنٹ کے چھاپہ مارا، پورے گھرکی تلاشی لی ۔ شاہدپاشا کے اہل خانہ کوکچھ نہیں بتایاگیاکہ انہیں کیوں گرفتار کیا گیاہے اورکہاں لے جایا گیا ہے ۔ ندیم نصرت نے کہاکہ اس سے قبل بھی رابطہ کمیٹی کے سینئرڈپٹی کنوینر عامرخان، ڈپٹی کنوینر کہف الوریٰ، رابطہ کمیٹی کے ار کان قمرمنصوراور کمال ملک کوبھی گرفتارکیاجاچکاہے ، دوسری جانب شہرکے مختلف علاقوں میں ایم کیوایم کے دفاترپرچھاپے مارے جارہے ہیں، ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کوروزانہ گرفتارکرکے جھوٹے مقدمات میں ملوث کیاجارہاہے اوراب رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرشاہدپاشاکوبھی گرفتارکرلیاگیاہے۔

(جاری ہے)

اس سے صاف ظاہرہوتاہے کہ کراچی میں آپریشن صرف اورصرف ایم کیوایم کے خلاف کیاجارہاہے اوراس کامقصدقیام امن کے نہیں بلکہ ایم کیوایم کاخاتمہ کرنااوراسے کمزورکرناہے۔ ندیم نصرت نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ کے بعض عناصر کو ایم کیوایم کوٹکڑے کرنے اوراس کے رہنماؤں،منتخب نمائندوں اورعہدیداروں کوتوڑنے اوران کی سیاسی وفاداری تبدیل کرانے میں بری طرح ناکامی ہوئی ہے اور تمام ترظالمانہ ہتھکنڈوں ،گھناؤنے پروپیگنڈوں اورافواہوں کے باوجود ایم کیوایم کے یوم تاسیس میں لاکھوں عوام نے شرکت کرکے ثابت کردیاکہ وہ قائدتحریک جناب الطاف حسین کے ساتھ ہیں ۔

لہٰذا اپنے تمام ترمنصوبوں کوناکام ہوتادیکھ کراب ایم کیو ایم کی قیادت کونشانہ بنایاجارہاہے ، ڈپٹی کنوینرشاہدپاشاکواسی وجہ سے گرفتارکیاگیاہے۔ ندیم نصرت نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیاکہ وہ شاہدپاشاکی گرفتاری کانوٹس لیں اوردیکھیں کہ کون سے عناصر قانون نافذ کرنے والے ادارے کواپنے مذموم مقاصدکیلئے استعمال کررہے ہیں۔ ندیم نصرت نے وزیراعظم میاں نوازشریف ،وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارسے مطالبہ کیاکہ شاہدپاشا کوفی الفوررہاکیاجائے اورایم کیوایم کے رہنماؤں اورکارکنوں کی گرفتاریوں کاسلسلہ بندکرایاجائے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ ایم کیوایم پرڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کانوٹس لیں۔