پاکستان نے جوہری مواد کی حفاظت کے ترمیمی کنونشن 2005کی توثیق کر دی

صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس پرسمری پر دستخط کئے،ترمیمی کنونشن 2005ء میں پر امن مقاصد کیلئے جوہری مواد کا استعمال شامل کیا گیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

پیر 21 مارچ 2016 21:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 مارچ۔2016ء) پاکستان نے جوہری مواد کی حفاظت کے ترمیمی کنونشن 2005کی توثیق کر دی، صدر مملکت نے وزیراعظم نواز شریف کی ایڈوائس پرسمری پر توثیق کے دستخط کئے،ترمیمی کنونشن 2005ء میں پر امن مقاصد کیلئے جوہری مواد کا استعمال شامل کیا گیا ہے۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں ترجمان دفترخارجہ نفیس ذکریانے کہا کہ پاکستان نے جوہری مواد کی حفاظت کے ترمیمی کنونشن 2005کی توثیق کر دی ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین نے وزیراعظم نواز شریف کی ایڈوائس پرتوثیق کے دستخط کئے،نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی پہلے ہی اس ترمیمی کنونشن کی توثیق کیلئے اصولی منظوری دے چکی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کا اجلاس گزشتہ ماہ وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہوا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترمیمی کنونشن میں جوہری مواد سے متعلق حفاظتی امور طے کئے گئے ہیں، عالمی کنونشن پہلی بار 8فروری 1987ء کو نافذ ہوا تھا، ترمیمی کنونشن 2005ء میں پر امن مقاصد کیلئے جوہری مواد کا استعمال شامل کیا گیا ہے، ترمیمی کنونشن کی توثیق سے پاکستان نے جوہری تحفظ کیلئے اپنی اہلیت اور عزم کو پھر اجاگر کر دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان ایٹمی صلاحیت کا حامل ایک ذمہ دار ملک ہے۔