مینگرووز اگانے اور ان کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کی جانب سے قومی مہم کا آغاز

پیر 21 مارچ 2016 21:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 مارچ۔2016ء )وزیر اعظم پاکستان کے تصور ـ’سر سبز پاکستان‘ کے عین مطابق جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان نیوی نے پیر کو سند ھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں ’مینگرووز اگاؤ مہم‘ کا آغاز کردیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا ء اﷲ نے بحیثیت مہمان خصوصی اس مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔

افتتاحی تقریب میں سینئر فوجی اور سول حکام کے علاوہ تاجر برادری ، ابلاغ عامہ ، ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ ، بین الاقوامی یونین برائے تحفظ ماحولیات کے نمائندوں اور وفاقی اور صوبائی محکمہء جنگلات کے افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر چیف آف نیول اسٹاف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مینگرووز کی تباہی نے نہ صرف ہمارے ساحلی علاقوں کی سمندری حیات بلکہ ان علاقوں میں مقیم لوگوں کے روزگار کو بھی متاثر کیا ہے۔

(جاری ہے)

معاشرے کے تمام شعبہ ہائے زندگی سے متعلق افراد کی اس جانب مکمل توجہ اور مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے چیف آف نیول اسٹاف نے کہا کہ پاکستان نیوی کی مینگرووز اگانے کی مہم ان کی تعداد بڑھانے اور ماحولیات کے حوالے سے عوام الناس میں مینگرووز کی اہمیت اجاگر کرنے کی جانب ایک قدم ہے۔ مینگرووز اس مقام پر پائے جاتے ہیں جہاں سمندری اور میٹھا پانی خشکی کے قطعات سے آکر ملتے ہیں۔

یہ کرۂ ارض پر موجود ایکو سسٹم کا نہایت مفید اور پیچیدہ حصہ ہیں، جو ایسی ماحولیاتی صورتحال میں پروان چڑھتے ہیں جہاں عام پودے بہت تیزی سے مر جاتے ہیں۔ یہ ساحلی ایکو سسٹم ، سمندرمیں کسی حیاتیاتی تبدیلی کو روکنے اور سمندری حیات کے تحفظ کے لیے نہایت اہم ہیں ۔ بدقسمتی سے گذشتہ کئی سالوں میں پاکستانی ساحلوں پر مینگرووز کی تعداد میں بہت کمی آئی ہے جس کی بنیادی وجہ عدم توجہی اور لاپرواہی ہے۔ بحری معاملات میں ایک نمایاں کردار کے حامل ہونے اور سمندری حیات میں مینگرووز کی اہمیت سے آگاہ ہونے کے سبب پاکستان نیوی نے ساحلوں پر مینگرووز کے جنگلات کو پروان چڑھانے کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔