جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان مہم لاہور سمیت پورے صوبے میں جاری ہے‘سودی معاشی نظام نے اداروں کوتباہ اور عوام کوشدیدمشکلات کاشکارکردیا ہے‘جماعت اسلامی پنجاب کاتین روزہ اجتماع ارکان 8اپریل کو لاہور میں منعقد ہوگا

امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمدکامنصورہ میں اجلاس سے خطاب

پیر 21 مارچ 2016 18:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 مارچ۔2016ء ) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری مہم لاہور سمیت پورے صوبے میں جاری ہے۔ملک کے سب سے بڑے مسائل کرپشن اور مہنگائی ہیں جن کے خلاف معاشرے میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ملک میں12ارب روپے سے زائد کی روزانہ خردبردلمحہ فکریہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ ایک طرف پاکستان کاشمار ترقی پذیر ممالک میں ہوتا ہے تو دوسری جانب ملک میں کرپشن کادن بدن بڑھنا تشویش ناک امر ہے۔سودی معاشی نظام نے اداروں کوتباہ اور لوگوں کوشدیدمشکلات کاشکارکردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان آج عاقبت نااندیش فیصلوں کی بدولت بحرانستان بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

وسائل سے مالامال اور زرعی ملک ہونے کے باوجود عوام کونہ توکسی قسم کاکوئی ریلیف میسر ہے اور نہ ہی دووقت کی روٹی کمانا آسان ہے۔

حکومتی پالیسیاں محض وقت گزارنے کے مترادف ہیں۔ہرآنے والی حکومت بلندوبانگ دعوے کرتی ہے مگر بدقسمتی سے 68برس گزرجانے کے باوجود عوام کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آئی۔جماعت اسلامی پاکستان کو کرپشن فری بنانے کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔عوام زیادہ سے زیادہ ہماراساتھ دیں۔باکردار اور محب وطن قیادت کے فقدان نے ملک وقوم کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلای پنجاب کے زیراہتمام کرپشن فری پاکستان اور ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے 8،9 اور 10اپریل کو لاہور میں سہ روزہ اجتماع ارکان ہوگا جس میں صوبے بھرسے ہزاروں ارکان وامیدواران شرکت کریں گے۔اس حوالے سے پنجاب کے تمام اضلاع میں بھرپورانداز میں تیاریاں جاری ہیں۔