متحدہ قومی موومنٹ کی ایک اور وکٹ گرگئی، ایم کیو ایم لندن کے رہنما انیس ایڈووکیٹ مصطفی کمال گروپ میں شامل

مصطفی کمال اور دیگر ساتھیوں سے مل کر وقت کے فرعونوں کو للکاریں گے،ا لطاف حسین کے پاؤں کے نیچے سے زمین کھسک رہی ہے، ا س نے ہمیں نہ گھر کا چھوڑا اور نہ وطن کا، مہاجر قوم تباہی کے دہانے پرلا کھڑا کر دیا گیا ، اپنے گناہوں کی سزا کیلئے تیار ہوں،ریاست ’’را‘‘ سے متعلق سامنے آنے والی چیزوں کی تحقیقات کرے ایم کیو ایم کے منحرف رہنما انیس ایڈووکیٹ کی مصطفی کمال، انیس قائمخانی اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس

پیر 21 مارچ 2016 18:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 مارچ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کی ایک اور وکٹ گرگئی، ایم کیو ایم لندن کے رہنما انیس ایڈووکیٹ نے مصطفی کمال گروپ میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یقین تھاکہ مصطفی کمال اور دیگر ساتھی وقت کے فرعونوں کو للکاریں گے،قائد ایم کیو ایم کے پاؤں کے نیچے سے زمین کھسک رہی ہے، الطاف حسین سے ہمیں نہ گھر کا چھوڑا اور نہ وطن کا،ہماری محبتوں کے جواب میں انہوں نے قوم کو بدنما داغ دیا، آج مہاجر قوم کو وہاں لا کھڑا کر دیا گیا جہاں پیچھے کھائی اور آگے گڑھا ہے، اپنے ملک میں رہ کر اپنی قوم کیلئے جو کر سکا وہ کروں گا، اپنے گناہوں کی سزا کیلئے تیار ہوں،ریاست ’’را‘‘ سے متعلق سامنے آنے والی چیزوں کی تحقیقات کرے۔

پیر کو متحدہ قومی موومنٹ لندن کے رہنماء انیس ایڈووکیٹ نے ایم کیو ایم چھوڑ کر مصطفی کمال گروپ میں شمولیت اختیار کرلی، ڈیفنس میں کمال ہاؤس پرمصطفی کمال، انیس قائمخانی اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انیس ایڈووکیٹ نے کہا کہ میں نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے ساتھ 32 سال گزارے ہیں ، میں ان کا احترام کم نہیں کرنا چاہتا،میں اس شخص کو جس کی ہم نے جوتیاں سیدھی کیں اور آنسو پونچھے، انہیں پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ان کیلئے 20 ہزار لوگوں نے جانیں دیں لیکن انہوں نے ہمیں نہ اپنے وطن کا چھوڑا نہ گھرکا چھوڑا،فرعونیت اﷲ کو پسند نہیں، آج ان کے آنسو پونچھنے والا کوئی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انیس ایڈووکیٹ نے کہا کہ الطاف حسین نے ساتھیوں اور مہاجروں کا اعتماد توڑا ہے، وہ توبہ کریں اور اپنا علاج کرائیں،الطاف حسین کو مہاجر قوم کی قیادت کرنے کا کوئی حق نہیں، الطاف حسین اپنے وطن آئیں اور درباریوں سے جان چھڑوائیں اور قوم کو اپنی اصلیت کے بارے میں سچ بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ قائدایم کیو ایم نے جو ہمارے ساتھ کیاہم اس کودرگزرکرچکے ہیں اور معاف کرتے ہیں لیکن انہوں نے جو کچھ قوم کے ساتھ کیا قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔

انیس ایڈووکیٹ نے کہا کہ عزت و ذلت اﷲ کے ہاتھ میں ہے اﷲ کو فرعونیت پسند نہیں،نہ الطاف حسین یہ لوگوں کو رزق دیتے ہیں اور نہ ہی ان کی سانسیں ان کے ہاتھ میں ہیں، ان کے آس پاس بیٹھے درباری گدھ ہیں جو ان کی موت کا انتظار کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال اور دیگر ساتھیوں نے خوف کا ماحول توڑ دیا، انیس قائمخانی نے سب کا ضمیر جھنجھوڑ دیا ہے، یقین تھا کہ مصطفی کمال اور دیگر ساتھی وقت کے فرعونوں کو للکاریں گے، اپنے حصے کے گناہوں کی سزا پانے کو تیار ہوں،بات کی تو بہت دور تک جائے گی، بھارتی خفیہ ایجنسی’’را‘‘ سے متعلق جو چیزیں سامنے آئی ہیں ریاست ان کی تحقیقات کرے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انیس قائم خانی نے کہا کہ نوجوانوں کو بہکانے والے آرام سے بیٹھے ہیں، خدارا کراچی کے بچوں کو معاف کردیں اور ان کو زندگی دیں، لوگوں کو ان کے رشتہ داروں کے پاس جانے دیجئے کیونکہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے آگے آگے دیکھئے کیا کچھ ہوتا ہے۔قبل ازیں پریس کانفرنس میں مصطفی کمال کا کہناتھا کہ لوگوں کو یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ ہم اسٹیبلشمنٹ کے لوگ ہیں اور ایم کیو ایم حقیقی کی نئی شکل ہے جو کہ بالکل بے بنیاد ہے، جس دور کی ہمارے مخالفین بات کر رہے ہیں کہ ان کے پاس ہزاروں لوگ موجود تھے لیکن کوئی نائن زیرو پر کھڑا ہونے کی ہمت نہیں کرتا تھا اور آج وہ بڑے بڑے جلسے کررہے ہیں