محتسب پنجاب نے میٹرک کی 29طالبات کا تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچا لیا،رولنمبر سلپس جاری

ہیڈ مسٹریس گورنمنٹ گرلزہائی سکول کوٹ محمود اورکلرک نے لاہوربورڈ آفس میں ہی رولنمبر سلپس بلاک کروا دیں بچیاں تیاری کی بجائے والدین کے ہمراہ محض رولنمبر سلپس کیلئے مختلف دفاتر میں دھکے کھاتی رہیں‘محتسب پنجاب

پیر 21 مارچ 2016 18:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء) محتسب پنجاب جاوید محمودکی بر وقت مداخلت اور سیکریٹری محتسب پنجا ب ممتاز حسین زاہدکی کاوشوں سے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کوٹ محمود ، شرقپور شریف کی 29طالبات کو ایک دن کے اندر ہی لاہور بورڈ کی جانب سے نویں جماعت کے امتحان کیلئے رولنمبر سلپس جاری کردی گئیں اور طالبا ت کا قیمتی تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچا لیا گیا ۔

محتسب پنجاب نے چیئرمین لاہور بورڈ اور ڈی سی او شیخوپورہ کو حکم دیا ہے کہ وہ علیحدہ علیحدہ انکوائری کرکے سنگین بدعنوانی کے مرتکب افراد کی ذمہ داری کا تعین اورتادیبی کاروائی کرکے پندرہ دن کے اندر رپورٹ پیش کریں۔تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کوٹ محمود ،شرقپورشریف ضلع شیخوپورہ کی 29طالبات اور ان کے والدین نے محتسب پنجاب کے روبرو پیش ہوکر درخواست پیش کی کہ ان کا ریگولرطالبات کے طور پر داخلہ سکول کی وساطت سے بھیجا گیا تھا ، اس مقصد کیلئے انہوں نے تمام واجبات بھی جمع کروائے تھے اور بورڈ نے رجسٹریشن بھی کررکھی ہے لیکن سکول کے کلرک محمد ریاض اور ہیڈ مسٹریس نے بورڈ آفس رابطہ کرے ان کی رولنمبر سلپس بلاک کروا دی ہیں ۔

(جاری ہے)

طالبات اوران کے والدین نے وضاحت کی کہ ایک دن بعد بچیوں کا پہلا پرچہ ہے اوراگر انہیں آج رولنمبر سلپس جار ی نہ کی گئیں تووہ امتحان دینے سے محروم رہ جائیں گی اوران کا تعلیمی سال ضائع ہوجائے گا ۔محتسب پنجاب نے سیکریٹری محتسب پنجاب ممتاز حسین زاہدکو فوری مداخلت کرکے معاملہ ایک د ن میں سلجھانے کی ہدایت کی۔سیکریٹری محتسب نے فوری طور پر چیئرمین لاہوربورڈ ، سیکریٹری لاہور بورڈ، کنٹرولر امتحانات لاہور بورڈ، ڈی سی او شیخوپورہ اور ہیڈ مسٹریس گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کوٹ محمود سے رابطہ کیا اور انہیں معاملے کی سنگینی کے بارے میں بریف کیا ۔

سیکریٹری محتسب پنجاب نے بورڈ حکام پر واضح کیا کہ امتحانات شروع ہونے میں صرف ایک دن باقی ہے اوربورڈ حکام اور ہیڈ مسٹریس کی بدانتظامی کی وجہ سے ابھی تک طالبات کو رولنمبر سلپس جاری نہیں کی گئیں ۔سیکریٹری محتسب نے بورڈ حکام تک محتسب پنجاب کی واضح ہدایات پہنچائیں کہ چونکہ آج رولنمبر سلپس جاری نہ ہونے کہ صورت میں 29طالبات کا قیمتی تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے اس لئے فوری طور پر رولنمبر سلپس جاری کی جائیں ۔

سیکریٹری محتسب کی مسلسل کاوشوں کے بعد بورڈ حکام نے شام تک تما م طالبات کی رولنمبر سلپس جاری کردیں ۔محتسب پنجاب نے بورڈ حکام اور متعلقہ ہیڈ مسٹریس کی کارکردگی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکموں کی بدانتظامی کی وجہ سے جن بچیوں کو میٹرک کے امتحانات کی تیاری میں مصروف ہونا چاہئے تھا وہ اپنے والدین کے ہمراہ محض رولنمبر سلپس کے قانونی حق کیلئے مختلف دفاتر میں دھکے کھاتی رہیں۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں کی بدانتظامی کی وجہ سے جہاں بچیوں کی پڑھائی کا حرج ہوا وہاں انہیں اوران کے والدین کو ذہنی اذیت کا سامنابھی کرنا پڑا ۔محتسب پنجاب نے چیئرمین لاہور بورڈ اورڈی سی او شیخوپورہ کو حکم دیا کہ وہ علیحدہ علیحدہ انکوائری کرکے ذمہ داران کا تعین کریں اورمتعلقہ افراد کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کرکے رپورٹ محتسب پنجاب آفس پیش کریں ۔

متعلقہ عنوان :