اوباما کی کیوبا آمد سے قبل 50سے زائد حکومت مخالف مظاہرین گرفتار

پیر 21 مارچ 2016 16:16

ہوانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 مارچ۔2016ء ) امریکی صدر براک اوباما کی کیوبا آمد سے قبل 50سے زائد حکومت مخالف مظاہرین کو گرفتارکرلیا گیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق کیوبا میں حکام نے ہوانا میں درجنوں حکومت مخالف مظاہرین کو گرفتار کیا ہے، یہ گرفتاریاں ایسے وقت عمل میں آئیں جب امریکہ کے صدر براک اوباما ایک تاریخی دورے پر کیوبا پہنچنے والے تھے۔

خواتین کی ایک تنظیم دماس دی بلانکو یعنی' لیڈیز ان وائٹ' کی رہنما بریٹا سولر سمیت 50 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا، اتوار کی صبح سے وردیوں اور سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس کے اہلکار اس پارک میں موجود تھے جہاں یہ خواتین مظاہرے کے لیے پہنچی تھیں۔لیڈیز ان وائٹ نامی تنظیم ایک دہائی سے زائد عرصے سے غیر قانونی گرفتاریوں کے خاتمے کا مطالبہ کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

حالیہ برسوں میں کیوبا بھر میں 200 خواتین پر مشتمل اس تنظیم کی طرف سے ناصرف انسانی حقوق کے حصول کے حق میں مظاہرے ہوئے بلکہ اس تنظم کی طرف سے کاسترو حکومت کی کھل کر مخالفت بھی کی گئی۔لیڈیز ان وائٹ کی طرف سے بتایا جاتا ہے کہ اتوار کو احتجاج کے دوران اس تنظیم کے کارکنوں کو گرفتاریوں اور پولیس کے طرف سے تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔تنظیم کی سربراہ بریٹا سولر کی منگل کی صبح کو ایک "اعلی "امریکی عہدیدار سے ملاقات طے ہے۔صدر اوباما نے اتوار کی دوپہر ہوانا پہنچنے سے قبل لیڈیز ان وائٹ کے نام ایک خط میں کہا کہ کیوبا یا کہیں اور کسی کو بھی ہراساں کرنے، جسمانی تشدد کا سامنا نہیں ہونا چاہیئے کیونکہ وہ آواز پہنچانے کے لیے اپنے عالمگیر حق کو استعمال کر رہے ہیں

متعلقہ عنوان :